عورتوں اور بچوں پر خصوصی توجہ کیساتھ لوگوں کو ضروری طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل کوبروئے کار لایا جارہا ہے،اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی

جمعہ مئی 00:50

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2018ء) اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں پہلی بار میرے تجویز کردہ فنڈ سے لیڈی ڈفرن ہسپتال کے بعد وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کا قیام تاریخی اہمیت کاحامل ہے جس سے نہ صرف خواتین اور بچوں کو صحت کی بہترین سہولیات میسر آ سکیں گی بلکہ صحت کے شعبے کی ترقی کی جانب اہم قدم ثابت ہو گا۔

اس ضمن ہسپتال کو مکمل فعال بنانے کیلئے محکمہ صحت کو بھر پور اقدامات اٹھانے چاہیئے۔ تاکہ ماں او بچے کی شرح اموات کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین اور بچوں کی زندگی کو محفوظ بنایا جاسکے۔ عورتوں اور بچوں پر خصوصی توجہ کیساتھ لوگوں کو ضروری طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل کوبروئے کار لایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز کوئٹہ کے پہلے وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکریٹری صحت صالح محمد ناصر ، کمشنر کوئٹہ ڈویڑن جاوید انور شاہوانی ، ایم ایس وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال ، ایم ایس سول ہسپتال ، ڈاکٹر امین مندوخیل ، ڈاکٹر شیرین خان بھی موجودتھے۔ اس قبل اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی نے اپنے تجویز کردہ فنڈ سے نو تعمیر شدہ وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح کیا۔واضح رہے کہ ہسپتال تقریبا 3 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے جس کے فعال ہونے سے خواتین اور بچوں کے علاج معالجے کی بہترین سہولیات میسر ہوں گی اور اس سے کثیر تعداد میں خواتین اور بچے عصر حاضر سے ہم آہنگ صحت کی سہولیات سے فیضںیاب ہونگے۔

اس موقع پر اسپیکر نے کہا جب سے انہوں نے سناہے کہ بلوچستان میں ماں اور بچوں کی شرح اموات ملک کے دیگر حصوںکے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے تب سے تہیہ کر لیا کہ اس بنیادی اہمیت کے حامل شعبے کو اولین فوقیت دینی ہے تاکہ خواتین اور بچوں کو صحت مند زندگی دی جاسکے انھوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہمیشہ اپنے عوام کی خدمت کرتی رہیں گی۔ اس موقع پر انھوں نے کہاکہ صحت اور تعلیم بنیادی اہمیت کے حامل شعبہ جات ہیں جن کی ترقی ہمیشہ میری اولین ترجیح رہی ہے۔

انہوں نے محکمہ صحت کے حکام پر زور دیا کہ ہسپتال کو فعال کرکے ڈاکٹرز ، پیرا میڈکل اسٹاف ، نرسز ، اور دیگر طبی عملے کو پابند بنائیں کہ وہ ہسپتال میں سروسز مہیا کرنے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ اسپیکر نے کہا کہ انسانی کی زندگی نہایت ہی قیمتی ہے ڈاکٹرز ایک مقدس پیشہ سے وابستہ ہیں اب ان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کوئٹہ میں پہلی دفعہ خواتین اور بچوں کے جدید ہسپتال کو مکمل طور پر فعال بنائیں تاکہ نہ صرف کوئٹہ شہر بلکہ اس کے نواحی علاقوں کے لوگوں کو صحت کی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ میری خواہش تھی کی اس ہسپتال کا افتتاح عزت مآب چیف جسٹس بلوچستان اپنے دست مبارک سے کرتے۔ انہوں نے عدالت عالیہ کی طرف سے مذکورہ ہسپتال کی زمین پر ناجائز قبضے کا نوٹس لیتے ہوئے ایسے واگزار کرانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عدالت عالیہ اس ضمن میں بھر پور ساتھ دیا اور ہسپتال کی تعمیرجو ڈیڑھ سال سے التوا ء کاشکار تھی آج پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا جس پر چیف جسٹس بلوچستان اور عدالت عالیہ کے ججز مبارکباد کے مستحق ہیں۔

اسپیکر نے سیکریٹری صحت کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کے ساتھ ساتھ دیگر بڑے ہسپتالوں میں طبی ضروریات کویقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں تاکہ لوگوں کو بہترین طبی سہولیات میسر آسکیں۔ اسپیکر نے کہا کہ ان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ وہ خواتین کو با اختیار بنائیں کیونکہ ملک کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے۔ ہم خواتین کو با اختیار بناکر ہی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک اور صوبہ کی ترقی کے لئے ہم سب کو مل جل کربھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسپیکر نے کہا کہ مائوں اور بچوں کی صحت کو محفوظ بنانے کیلئے اپنے تجویز کردہ فنڈ سے گہارہ اضلاع میں وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال قائم کروائے ہیں خو بہت جلد فعال ہو جائیں گے جس سے دور افتادہ علاقوں میں بھی ماں اور بچوں کو صحت کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔

ان ہسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ عوام کو صحت کی سہولتیں مہیا کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی عوام کا بنیادی حق ہے۔ اس موقع پر سیکریٹری صحت صالح محمد ناصر نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کی بدولت آج خواتین اور بچوں کے ہسپتال کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ اسپیکر راحیلہ حمید خان درانی نے ہمیشہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کی ترقی کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ بعد ازاں اسپیکر اسمبلی ، سیکریٹری صحت ، کمشنر کوئٹہ و دیگر حکام نے نو تعمیر شدہ وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔