کانز میں ریڈ کارپٹ پر دپیکا، کنگنا آمنے سامنے

دپیکا پڈوکون کے بعد کانز ریڈ کارپٹ پر بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور سونم کپور لوریل میک اپ برینڈ کی سفیر ہونے کی حیثیت سے واک کریں گی

جمعہ 11 مئی 2018 11:30

کانز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) فلمی دنیا کے سب سے بڑے میلے کانز میں بولی وڈ اداکاراؤں دپیکا پڈوکون اور کنگنا رناوٹ نے شرکت کی، اور یہ دونوں ایک ہی روز ریڈ کارپٹ پر واک کرتی بھی نظر آئیں۔دپیکا پڈوکون لوریل میک اپ برینڈ کی سفیر ہونے کے حوالے سے دوسری مرتبہ اس ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئیں، جبکہ کنگنا رناوٹ نے پہلی مرتبہ کانز میں ڈیبیو کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دپیکا پڈوکون اور کنگنا رناوٹ کا بولی وڈ میں ہمیشہ ایک دوسرے سے مقابلہ کیا جاتا ہے، جبکہ ان دونوں کے درمیان ہونے والا جھگڑا بھی طویل عرصے خبروں میں رہا۔کانز 2018 کے ریڈ کارپٹ پر اپنے پہلے روز دپیکا پڈوکون اور کنگنا رناوٹ نے صرف ایک ساتھ واک ہی نہیں کی، بلکہ اس دوران یہ دونوں ایک ہی ڈیزائنر کا ڈیزائن کردہ لباس زیب تن کیے نظر آئیں۔

(جاری ہے)

دپیکا پڈوکون اور کنگنا رناوٹ نے اس دوران زہیر مراد کا ڈیزائنر کردہ گاؤن پہنا، جس میں دونوں ہی نہایت خوبصورت اور دلکش نظر آئیں۔ان دونوں بولی وڈ اداکاراؤں کے علاوہ ملائیکا شیراوت اور ہما قریشی بھی کانز ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئیں۔خیال رہے کہ دپیکا پڈوکون کے بعد کانز ریڈ کارپٹ پر بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور سونم کپور لوریل میک اپ برینڈ کی سفیر ہونے کی حیثیت سے واک کریں گی۔

متعلقہ عنوان :