شہباز شریف نے چوہدری نثار کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ سنا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ مئی 11:38

شہباز شریف نے چوہدری نثار کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ سنا دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 مئی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری نثار علی خان سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ چودھری نثار علی خان مسلم لیگ ن کا حصہ ہیں اور وہ مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے ہی الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے چودھری نثار علی خان کے ساتھ اختلافات کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔ہمیں دونوں کو ہی منانا چاہئیے اور ان کے آپس میں جو بھی گلے ہیں ان کو دور کرنا چاہئیے۔

ان کے آپسی گلے دور کرنے کے لیے میں اور پارٹی میں موجود دیگر لوگ بھی کوششیں کر رہے ہیں۔ الیکشن میں چودھری نثار علی خان کو ٹکٹ دیں گے۔ نجی ٹی وی چینل کے خصوصی گفتگو میں مسلم لیگ ن کے صدر اوع وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نیب کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ نیب کے مضحکہ خیز الزامات پر پڑوسی ملک میں بھی پاکستان کا مذاق بنایا گیا۔

(جاری ہے)

نیب نے بے بنیاد الزامات لگا کر بڑی غلطی کی ، ایسا کرنے سے اداروں کی ساکھ تباہ ہو جاتی ہے۔

ورلڈ بنک نے بھی اپنی رپورٹ میں اس کی صاف صاف تردید کی ہے۔ واضح رہے کہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف کے عدلیہ مخالف بیانیے اور پارٹی پالیسی سے اختلاف کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے خود کو پارٹی سے الگ تھلگ کر لیا تھا۔ چودھری نثار علی خان کے پارٹی معاملات سے علیحدگی اور پریس کانفرنسز میں دئے گئے بیانات کر یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ چودھری نثار علی خان عنقریب ہی پارٹی چھوڑ جائیں گے اور آئندہ الیکشن میں حصہ بھی نہیں لیں گے لیکن اب شہباز شریف نے واضح کر دیا ہے کہ چودھری نثار علی خان مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے ہی الیکشن لڑیں گے۔ قبل ازیں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں چودھری نثار علی خان نے بھی مسلم لیگ ن چھوڑنے کی خبروں کی تردید کی تھی۔