محکمہ زراعت توسیع نے پھل کی مکھی کے تدارک کیلئے مؤثر مہم کاآغاز کردیا

جمعہ 11 مئی 2018 11:50

فیصل آباد۔11 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) محکمہ زراعت توسیع نے پھل کی مکھی کے تدارک کیلئے مؤثر مہم کاآغاز کردیاہے جس کے باعث آم ، امرود ، ترشاوہ پھلوں کی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ برآمدات میں اضافہ بھی یقینی ہو جائیگاتاہم پھل کی مکھی کے تدارک کیلئے تمام سٹیک ہولڈرزکو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔محکمہ کے ذرائع نے کہاکہ باغبان گلے سٹرے اور کیڑے سے متاثرہ پھل اکٹھے کرکے فوری تلف کریں اور آم ،امرود ، ترشاوہ پھلوں کے باغات میں میتھائل یوجینال اورپروٹین ہائیڈرولائیزیٹ کے جنسی پھندے لگائیں۔

انہوں نے کہا کہ" پھل کی مکھی کے تدارک کی مہم" کے تحت باغبانوں کو پھل کی مکھی کے نقصانات سے آگاہی اور باغات کی بہتر دیکھ بھال بارے مہم شروع کی گئی ہے جبکہ محکمہ زراعت پنجاب کے توسیعی افسران آم، ترشاوہ پھلوں اور امرود کے باغبانوں کو پھل کی مکھی کی پہچان، نقصان کی علامات اور تدارک بارے آگاہی فراہم کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پھل کی مکھی پاکستانی پھلوںکی برآمدات میں اضافہ کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے کیونکہ پاکستانی پھل با لخصوص آم، کنواور امرود وغیرہ اپنے مخصوص ذائقوں کی بدولت امریکہ، یورپ اور خلیجی ریاستوں میں بے حد پسند کیے جاتے ہیںلیکن بدقسمتی سے پچھلے چند سالوں سے ان پر پھل کی مکھی کا حملہ شدّت اختیار کر گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی پیداوار میں کمی اور کوالٹی خراب ہونے کی وجہ سے برآمدمیں مشکلات درپیش آئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت توسیع کے تحت ایک مئوثر مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس سے پھل کی مکھی کے تدارک ،پیداوار و برآمد میں اضافہ سمیت ملکی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔