ڈبلن ٹیسٹ کے لیے امام الحق کو سمیع اسلم پر ترجیح کیوں دی؟ سرفراز نے بتا دیا

ہمیں ٹور پر یاسر شاہ کی کمی شدت سے محسوس ہوگی:کپتان قومی ٹیم

جمعہ مئی 12:04

ڈبلن ٹیسٹ کے لیے امام الحق کو سمیع اسلم پر ترجیح کیوں دی؟ سرفراز نے ..
ڈبلن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11مئی 2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں سمیع اسلم پر امام الحق پر اس لیے ترجیح دی گئی کیوں کہ وہ اس وقت اچھی فارم میں ہیں۔جمعرات کو ڈبلن میں آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ولیم پورٹر فیلڈ اور قومی کپتان سرفراز احمد نے واحد ٹیسٹ میچ کی ٹرافی کی رونمائی کی۔

اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ اگر میچ میں بارش ہوئی تو دونوں ٹیموں کو نقصان ہوگا، امام الحق کو تجربہ کار اوپنر سمیع اسلم پر اس لیے ترجیح دی گئی ہے کیوں کہ سمیع اسلم کے مقابلے میں امام الحق اچھی بیٹنگ فارم میں ہیں۔سرفراز کا کہنا تھا کہ لیگ سپنر شاداب خان نے پریکٹس میچز میں اچھی بولنگ کی لیکن ہمیں ٹور پر یاسر شاہ کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، امید ہے شاداب خان توقعات پوری کرتے ہوئے اچھا پر فارم کریں گے۔

(جاری ہے)

قومی کپتان نے کہا کہ تمام کھلاڑی فٹ ہیں،آئر لینڈ نے ٹیسٹ کا درجہ حاصل کرنے کے لئے طویل سفر طے کیا ہے اور وہ اس کے مستحق ہیں، پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے بعد آئرلینڈ کی کرکٹ مزید بلندی کی طرف جائے گی ۔سرفراز کا مزید کہنا تھا کہ ٹیسٹ سے قبل پریکٹس کے لیے زیادہ سے زیادہ میچز ملنے چاہئیں، پہلا میچ سرد موسم اور دوسرا گرم موسم میں ہوا، میرے اور میری ٹیم کے لیے اعزاز ہے کہ ہم تاریخی ٹیسٹ میں شریک ہیں،انہوں نے کہا کہ موسم پر کنٹرول کرنا ہمارے بس میں نہیں ہے، ہم پورا میچ کھیل کر جیتنا چاہتے ہیں۔

آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں پانچ بولرز شامل ہوں گے جن میں تین فاسٹ بولرز ایک اسپنر شاداب خان اور آل راو¿نڈر فہیم اشرف شامل ہیں۔محکمہ موسمیات نے 11 مئی سے 14 مئی تک ڈبلن میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، بارش ہونے کی صورت میں میچ متاثر ہونے اور آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کو ایک ملین یورو کے بھاری خسارے کا خدشہ ہے، ٹیسٹ میچ کے لئے مالاہائیڈ کی پچ سیم بولنگ کے لئے ساز گار ہے۔