ایوان بالا، وزیر برائے فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کی طرف سے پیش کئے جانے والے تین بلوں کی اتفاق رائے سے منظوری

جمعہ مئی 12:16

ایوان بالا، وزیر برائے فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کی طرف ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2018ء) ایوان بالا نے وزیر برائے فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کی طرف سے پیش کئے جانے والے تین بلوں کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران وزیر برائے فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ انجینئر بلیغ الرحمان نے ادارہ برائے فن و ثقافت بل 2018ء قومی اسمبلی کی منظور کردہ صورت میں زیر غور لانے کی تحریک پیش کی۔

ایوان بالا نے اتفاق رائے سے بل کی منظوری دے دی۔ انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بہاولپور کو ڈگری عطاء کرنے والے ادارے کے طور پر قائم کرنے کے لئے قانون وضع کرنے کا بل انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بہاولپور بل 2018ء قومی اسمبلی کی منظور کردہ صورت میں زیر غور لانے کی تحریک پیش کی۔

(جاری ہے)

ایوان بالا نے تحریک کی منظوری دے دی جس کے بعد انہوں نے بل ایوان میں پیش کیا۔

ایوان بالا نے بل کی حمایت کرتے ہوئے اتفاق رائے سے بل کی منظوری دے دی۔ انجینئر بلیغ الرحمان نے سرسید سی اے ایس ای (سینٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز ان انجینئرنگ) کا ادارہ برائے ٹیکنالوجی اسلام آباد اور ان سے منسلکہ یا ذیلی معاملات کے قیام کے لئے قانون وضع کرنے کا بل سرسید سینٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز ان انجینئرنگ ادارہ برائے ٹیکنالوجی اسلام آباد بل 2018ء قومی اسمبلی کی منظور کردہ صورت میں زیر غور لانے کی تحریک پیش کی۔

ایوان بالا نے تحریک کی منظوری دے دی جس کے بعد انہوں نے یہ بل ایوان میں پیش کیا۔ ایوان بالا نے اس بل کی بھی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔ وزیر برائے فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ انجینئر بلیغ الرحمان نے اتفاق رائے سے بلوں کی منظوری پر ایوان بالا کے ارکان کا شکریہ ادا کیا جبکہ ارکان نے ان بلوں کی حمایت کرتے ہوئے اسے حکومت کا احسن اقدام قرار دیا۔