اسرائیل کے 28 لڑاکا طیاروں نے شام پر حملے کیئے ، 70 میزائل داغے، روس

روس کو شام میں مختلف اہداف پر حملوں کے بارے میں پیشگی مطلع کردیا گیاتھا،ترجمان اسرائیلی فوج کابیان

جمعہ 11 مئی 2018 12:26

ماسکو / مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) روس کی وزارت دفاع نے اسرائیل کے شام پر فضائی حملے کی تفصیل جاری کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل کے 28 لڑاکا طیاروں نے شامی علاقوں پر فضائی بمباری میں حصہ لیا ہے اور انھوں نے شامی اہداف پر 70 میزائل داغے ہیں ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل نے 28 ایف 15 اور ایف 16 لڑاکا طیاروں کو حملے میں استعمال کیا ہے۔

انھوں نے فضا سے زمین میں مار کرنے والے 60 میزائل شام کے مختلف علاقوں پر داغے تھے ۔ ان کے علا وہ 10 مزید زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل بھی داغے گئے ہیں۔روس کا کہنا تھا کہ شام کے فضائی دفاعی نظام نے ان میں سے نصف سے زیادہ میزائلوں کو مار گرایا تھا اور باقی میزائلوں سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت دفاع نے مزید بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے دمشق کے نواح میں اور شام کے جنوبی علاقے میں ایران کے مسلح گروپوں کے ٹھکانوں اور شامی فوج کے فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا ہے۔

ادھر اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کونری کس نے کہا کہ روس کو شام میں مختلف اہداف پر حملوں کے بارے میں پیشگی مطلع کردیا گیاتھا۔تاہم انھوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی ہے۔