حکومت پاکستان کا امریکہ کو کرارا جواب

پاکستان نے امریکی سفارتکاروں پر سفری پابندیاں عائد کردیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 11 مئی 2018 12:23

حکومت پاکستان کا امریکہ کو کرارا جواب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 مئی 2018ء) : حکومت پاکستان نے امریکہ کو کرارا جواب دیتے ہوئے امریکی سفارتکاروں پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ نے امریکی سفارتکاروں پر سفری پابندیاں عائد کردیں۔ سفری پابندیوں سے متعلق امریکی سفارتخانے کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اس پابندی کے تحت امریکی سفارتکار کرائے کی گاڑیاں استعمال نہیں کر سکیں گے۔

آفیشل گاڑیوں پر غیر سفارتی نمبر پلیٹس کی اجازت نہیں ہو گی۔ امریک سفارتکاروں کی گاڑیوں کے کالے شیشے بھی ممنوع ہوں گے۔ کرائے کی گاڑیوں پر سفارتی نمبر پلیٹس کا استعمال نہیں ہو گا، سفارتکاروں کے لیے لازم ہو گا کہ وہ سم نکلوانے کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کے عمل سے گزریں،امریکی سفارتکاروں کو رہائش کی تبدیلی کے لیے بھی پیشگی اجازت لینا ہو گی۔

(جاری ہے)

این او سی کے بغیر کرائے پر کوئی جگہ بھی نہیں لی جا سکے گی، امریکی سفارتکاروں کو رہائشگاہوں پر ریڈیو کمیونیکیشن ڈیوائسز لگانے کے لیے بھی اجازت لینا ہو گی۔ پابندی کے تحت امریکی سفارتکاروں کی نقل و حرکت محدود ہو گی۔ ذرائع نے بتایا کہ امریکی سفارتکاروں کے لیے ویزا کی مدت ختم ہونے پر رُکنے اور متعدد پاسپورٹس رکھنے کی بھی ممانعت ہو گی۔

امریکی سفارتکاروں پر پابندی کے نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا کہ ائیر پورٹس پر امریکی کارگو کو استثنیٰ حاصل نہیں ہو گا۔ امریکی کارگو اسکیننگ کے بغیر نہیں دیا جائے گا۔وزارت خارجہ نے امریکی سفارتکاروں پر عائد کی جانے والی پابندیوں کا نوٹی فکیشن جاری کر کے امریکی سفارتخانے کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے یکم مئی سے پاکستانی سفارتکاروں کی نقل و حرکت پر پابندی کا فیصلہ کیا تھا جس میں بعدازاں 10 روز کی توسیع کی گئی جس کی مدت ختم ہونے کے بعد پاکستانی سفارتکاروں کی نقل و حرکت مشروط کردی گئی ۔

امریکا کی جانب سے پاکستانی سفارتکاروں پر عائد کی جانے والی سفری پابندی کے مطابق سفارت کار بغیر اجازت نامے کے 25 میل سے باہر نہیں جاسکیں گے اور اس سے زائد نقل و حرکت کے لیے انہیں اجازت نامہ سفر سے 5 روز قبل لینا ہوگا۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پاکستانی سفارتکاروں پر پابندی کا اطلاق ان کے اہل خانہ تک بڑھا دیا گیا ہے۔یہ پابندی امریکہ میں موجود پاکستانی سفارتکاروں پر آج سے لاگو ہو گی اوراس پابندی کا اطلاق واشنگٹن کے پاکستانی سفارتخانے اور امریکہ میں پاکستان کے چاروں قونصلیٹس پر ہوگا۔