الیکشن کمیشن نے قومی وطن پارٹی کے منحرف رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ابرار تنولی کی اسمبلی رکنیت ختم کر دی

جمعہ مئی 12:58

الیکشن کمیشن نے قومی وطن پارٹی کے منحرف رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ابرار ..
مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2018ء) الیکشن کمیشن نے قومی وطن پارٹی کے منحرف رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ابرار تنولی کی اسمبلی رکنیت ختم کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ابرار تنولی کی خیبر پختونخوا اسملبی کی رکنیت ختم کرنے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ الیکشن کمیشن نے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپائو کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد 2 اپریل 2018ء کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو اب سنایا ہے۔

درخواست گذار کی جانب سے موقف اپنایا گیا تھا کہ ابرار تنولی قومی وطن پارٹی کے ٹکٹ پر پی کے 57 مانسہرہ سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے جس کے بعد وہ منحرف ہو گئے۔ پارٹی سے انحراف کی بنیاد پر ابرار تنولی کی صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کی جائے۔ فیصلہ پر سابق صوبائی وزیر جنگلات حاجی ابرار حسین نے بتایا کہ ان کی پارٹی عوام ہیں، عوام نے انہیں منتخب کیا تھا اور آئندہ بھی عوام ہی ووٹ دیں گے، حلقہ کے عوام کے وسیع تر مفاد میں پارٹی وفاداری تبدیل کی تھی جس کی وجہ سے وہ ڈی سیٹ ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اہل اور نااہل کرنے کا اختیار عوام کے پاس ہے، ہم نے ہمیشہ عوام کی سیاست کی ہے اور عوام نے انہیں ووٹ دیا تاہم اب دوبارہ عوام کی ہی عدالت لگے گی، پارٹی عوامی مفاد کی خاطر چھوڑی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی کے 57 اور موجودہ حلقہ پی کے 32 کی عوام کیلئے ترقیاتی کام کروائے ہیں، آئندہ بھی ان کی خدمت جاری رکھیں گے۔