سپیکم سوسائٹی کے زیر اہتمام سکول اور کالج کے اساتذہ کیلئے ساتویں 2 روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی

جمعہ 11 مئی 2018 12:58

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) یونیورسٹی آف ہر ی پور کی سپیکم سوسائٹی کے زیر اہتمام سکول اور کالج کے اساتذہ کیلئے ساتویں دو روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی۔ ورکشاپ میں سرکاری اور نجی سکولوں کی 50 سے زائد اساتذہ نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا عنوان موثر قیادت کے اصول تھا جس میں مختلف سرگرمیاں بھی شامل تھیں۔ ورکشاپ کی خاص بات ضلع ہری پور کے تمام چیدہ چیدہ گورنمنٹ گرلز سکولوں کی پرنسپل صاحبات کی شرکت تھی جنہوں نے اس کوشش کو بہت سراہا اور اسے اساتذہ کی قائدانہ اور تخلیقی صلاحیتوں کی نمو میں ایک اہم قدم قرار دیا۔

ورکشاپ کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ضلع ہری پور کے ڈپٹی کمشنر فیاض علی شاہ اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر خالد ہمدانی تھے جنہوں نے شرکا ء میں اسناد بھی تقسیم کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ورکشاپ کے مقرر چیئرمین سپیکم ڈاکٹر مہیمن نے کہا کہ یہ رمضان سے پہلے اساتذہ کیلئے اس سلسلہ کی آخری ورکشاپ تھی، رمضان کے بعد اساتذہ کیلئے اس ورکشاپ کے انعقاد کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

ڈاکٹر میمن نے مزید کہا کہ اسی ماہ کی 14 اور 15 تاریخ کو بالترتیب تحصیلداروں، پٹواریوں اور ڈاکٹروں کیلئے دو تربیتی ورکشاپوں کا اہتمام کیا جائے گا اور اس کے بعد یہ سلسلہ ماہ رمضان میں موقوف رہے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فیاض علی شاہ نے کہا کہ ہمارے معاشرہ کی فلاح اور بہبود میں سب سے اہم کردار اساتذہ کا ہے اور لازم ہے کہ اساتذہ اس بارے میں اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور یہ ورکشاپ اسی مقصد کے حصول کی کوشش ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر خالد ہمدانی نے کہا کہ ہمیں بطور پولیس انہیں لوگوں سے واستہ پڑتا ہے کہ جن کو ٹھیک سے نہیں پڑھایا گیا یا وہ کسی استاد کے رویہ کی وجہ سے تعلیمی سلسلہ جار ی نہیں رکھ سکے، تعلیم کو آسان اور بامقصد بنانے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں جرائم کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔ ڈاکٹر مہیمن نے اس موقع پر ضلعی حکومت اور ڈی ای او صاحبہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کا تعاون ورکشاپ کے انعقاد میں شامل حال رہا۔

متعلقہ عنوان :