امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان عتیق کی ہلاکت کا معاملہ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ مئی 12:45

امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان عتیق کی ہلاکت کا معاملہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 مئی 2018ء) : اسلام آباد ہائیکورٹ میں امریکی سفارتکار کی ٹکر سے نوجوان عتیق کی ہلاکت سے متعلق ایک درخواست کی سماعت ہوئی۔نوجوان عتیق کے والد کی درخواست پر جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔ سماعت کے دوران وزارت داخلہ کو کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا گیا ۔ یہ حکم اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کیا گیا۔

عدالتی حکم کے مطابق وزارت داخلہ کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق دو ہفتوں میں فیصلہ کرے۔ملزم کرنل جوزف کو مکمل استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔ واضح رہے کہ وزارت داخلہ کرنل جوزف کو بلیک لسٹ قرار دے چکی ہے۔ عدالت نے ہلاک ہونے والے نوجوان عتیق کے والد کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنا دیا گیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل رکنی بینچ نے امریکی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے شہری عتیق بیگ کے والد محمد ادریس کی جانب سے امریکی سفارت کار کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور پولیس کو شفاف تحقیقات کر نے کا حکم دینے کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ۔

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ ای سی ایل میں نام ڈالنے سے متعلق قانونی نقطہ بتائیں جس پر وکیل نے کہا کہ کرنل جوزف سفارت کار ہے لہذا اس کے خلاف جنیوا کنونشن کے تحت کارروائی کی جائے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ وفاقی پولیس نے میڈیا پر خبریں آنے کے بعد مقدمہ تو درج کر لیا ہے لیکن وفاقی پولیس تحقیقات کیلئے سنجیدہ کوشش نہیں کر رہیلہذا استدعا ہے کہ عدالت پولیس کو شفاف تحقیقات کر کے ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوط کر لیا ہے ۔درخواست میں کرنل جوزف، ایس ایچ او کوہسار، آئی جی اسلام آباد اور سیکریٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 7 اپریل کو اسلام آباد میں تھانہ کوہسار کے علاقے میں امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔ جس گاڑی سے ٹکر ہوئی تھی وہ امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف ایمانوئیل خود چلا رہے تھے اور جب موٹر سائیکل کو ٹکر لگی تو دو نوجوان عتیق اور راحیل موٹر سائیکل پر سوار تھے۔۔پولیس کا کہنا تھا کہ امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے عتیق موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا جبکہ اس کے ساتھی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔