وزیر اعلیٰ حکومت کی مدت پوری ہونے سے قبل انار کلی پارکنگ پلازہ کی تعمیر کا وعدہ پورا کریں‘ اشرف بھٹی

جمعہ مئی 13:18

وزیر اعلیٰ حکومت کی مدت پوری ہونے سے قبل انار کلی پارکنگ پلازہ کی تعمیر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2018ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ انار کلی اور ملحقہ مارکیٹوں کے تاجر آج بھی وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف سے پارکنگ پلازہ کی تعمیر کے وعدے کی تکمیل کی امید لگائے بیٹھے ہیں ،حکومت کی مدت پوری ہونے سے قبل پلازے کی تعمیر کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں تاجروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر تاجروں نے تجاوزات اور پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے درپیش مشکلات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔اشرف بھٹی نے کہا کہ نہ صرف انار کلی بلکہ دیگر مارکیٹوں میں بھی تجاوزات کے اژدھا کی وجہ سے تاجر برادری شدید مشکلات سے دوچار ہے ۔ اداروں کی جانب سے متعدد بار گرینڈ آپریشن کے اعلانات تو کئے گئے لیکن عملی پیشرفت نہیں کی گئی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب انار کلی کیلئے پارکنگ پلازہ دینے کا اعلان کر چکے ہیں لیکن کئی سال گزرنے کے باوجود اس وعدے کی تکمیل نہیں ہو سکی ۔

انار کلی اور ملحقہ مارکیٹوں کے تاجر آج بھی امید لگائے بیٹھے ہیں کہ موجودہ حکومت کے خاتمے سے قبل تاجروں کے دیرینہ مسئلے کو حل کیا جائے گا ۔ انہوںنے مزید کہا کہ ملک میں پھیلی ہیجانی کیفیت کے کاروبار پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔ملک میں تلخی کی بجائے دلیل کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا وگرنہ پاکستان کسی بڑے نقصان سے دوچار ہو سکتا ہے۔