تعلیمی اداروں میں سب سے زیادہ موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 11 مئی 2018 13:49

تعلیمی اداروں میں سب سے زیادہ موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان
پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 مئی 2018ء) : محکمہ تعلیم خیبرپختونخواہ نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھُٹیوں کا اعلان کر دیا۔ محکمہ تعلیم کے پی کے نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں میں 17 مئی سے 13 اگست تک چھُٹیاں ہوں گی۔ تعطیلات نجی و سرکاری تمام تعلیمی اداروں میں ہوں گی۔

خیال رہے کہ پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھُٹیاں 17 مئی سے 10 اگست تک ہوں گی۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیاں 17 مئی سے 10 اگست تک ہوں گی۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ کوئی اسکول تین ماہ کی اکٹھی فیس وصول نہیں کرے گا۔ اسکولوں میں لگائے گئے سمر کیمپ کی الگ سے فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

  صوبہ پنجاب میں گرمی کی شدت کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا اعلان کیا گیا۔ اس سے قبل سندھ حکومت کے جاری کردہ اعلان کے مطابق سندھ بھر میں موسم گرما کی تعطیلات 14 مئی سے 15 جولائی تک ہوں گی۔سندھ میں شدید گرمی کے باعث محکمہ تعلیم نے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں قبل از وقت کرنے کی سفارش کی تھی۔ محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات جلد کرنے کے لیے سمری وزیراعلیٰ ہاؤس کو بھجوائی گئی۔

صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے سمری میں موسم گرما کی تعطیلات 14 مئی سے 15 جولائی تک کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ محکمہ تعلیم کے مطابق چھٹیوں کا اطلاق تمام نجی اور سرکاری اسکولوں پر ہوگا۔ واضح رہے کہ سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں ہر سال یکم جون سے 31 جولائی تک موسم گرما کی تعطیلات ہوتی تھیں تاہم گزشتہ سال بھی شدید گرمی کے باعث قبل از وقت چھٹیاں دے دی گئی تھیں۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں گذشتہ کچھ سالوں سے گرمی کی شدت دیکھنے میں آ رہی ہے ۔ گذشتہ برس بھی کراچی میں ہیٹ ویو اور گرمی کی شدت کے باعث سینکڑوں افراد کی جانیں گئیں جبکہ رواں برس بھی کراچی سمیت سندھ بھر میں ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کی جا چکی ہے۔