چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو احسن اقبال کی عیادت کے لئے گئے۔ انہوں نے بالغ نظری کا ثبوت دیا دیگر جماعتوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہیے، شازیہ مری

جمعہ 11 مئی 2018 13:50

اسلام آباد۔ 11 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی نیب سمیت تمام اداروں سے کہیں کہ وہ سب کے ساتھ یکساں سلوک کریں‘ جمہوریت اس وقت مضبوط ہوگی جب قائد ایوان اس ایوان میں آئیں گے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں سینٹ سے موصول ہونے والی سفارشات پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو احسن اقبال کی عیادت کے لئے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بالغ نظری کا ثبوت دیا دیگر جماعتوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہیے۔ ۔ پورے سال کا موجودہ حکومت کو بجٹ پیش کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ تین صوبوں کے وزراء اعلیٰ کی مرضی کے بغیر آئندہ سال کا پی ایس ڈی پی پیش کیا گیا۔ سندھ کی ترقیاتی سکیموں کے لئے پی ایس ڈی پی میں بہت کم رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی آئے گی تو نان 12 روپے کا ہوگا۔ بجلی کے بل بڑھ جائیں گے۔ اس صورت میں حکومتی اعداد و شمار پر کوئی یقین نہیں کرے گا۔ لوگوں کو صرف اپنے مسائل سے غرض ہے۔