تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کی رہائی انتہائی تشویشناک، ہم انصاف کے طلب گار ہیں،سینیٹر شیری رحمان

جمعہ 11 مئی 2018 14:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل میں ملوث تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کی رہائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔ ہم شرمندہ ہیں کہ بے نظیر بھٹو کے قاتل آج بھی زندہ ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں عوامی اہمیت کے معاملہ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل میں ملوث تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کی رہائی انتہائی تشویش کی بات ہے۔

ہم انصاف کے طلب گار ہیں۔ عدالت میں یہ لوگ اپنے جرائم کا اعتراف کر چکے ہیں اور اس کا سارا ریکارڈ اور تفصیلات موجود ہے۔ جن دو پولیس افسران نے جائے شہادت سے ثبوت مٹائے ان کو بھی رہا کر دیا گیا اور ان کی تعیناتیاں بھی کی گئی ہیں۔ خدارا ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل پر بھی ہم نے ریفرنس دائر کیا لیکن اس میں بھی ہم انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کے زندہ ہونے پر ہم شرمندہ ہیں۔