تاریخی ٹیسٹ پر بادلوں کا راج ،تاریکی چھاگئی

گرجتے برستے بادل آئرلینڈ کا دل دہلانے لگے

جمعہ 11 مئی 2018 14:26

تاریخی ٹیسٹ پر بادلوں کا راج ،تاریکی چھاگئی
ڈبلن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11مئی 2018ء) تاریخی ٹیسٹ پر تاریکی چھاگئی، گرجتے برستے بادل آئرلینڈ کا دل دہلانے لگے ، ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے 11ویں ملک کا اعزاز پانے کیلیے بے تاب میزبان ٹیم خراب موسم سے پریشان ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ عالمی کرکٹ میں ٹیسٹ کھیلنے والے11ویں ملک کے طور پر اپنا نام درج کرانے کی تیاریاں مکمل کرچکا ہے ، اس سے قبل نومبر 2000ءمیں بنگلہ دیش اس فہرست میں شامل ہونے والا آخری ملک بنا تھا، مالاہائیڈ کرکٹ کلب گراﺅنڈ ،ڈبلن پر پاکستان کیخلاف میچ سے نئی تاریخ رقم ہونی ہے مگر موسم نے منتظمین کو پریشان کر دیا۔

گزشتہ روز بارش نے دونوں ٹیموں کے پریکٹس سیشنز متاثر کیے، پاکستان ٹیم نے میدان میں آنے سے گریز کیا، میزبان کرکٹرز نے وقفوں میں ٹریننگ جاری رکھی،ٹم مرٹیگ اور دیگر پیسرز نے سکواڈ کو جوائن کرنے کے بعد مشقوں میں حصہ لیا،آئرلینڈ کے اولین میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت تیزی سے جاری ہے،منتظمین کی جانب سے کہا گیا کہ اس بات کی ضمانت نہیں دی جا سکتی کہ سٹیڈیم آنے والے شائقین کو موقع پر ٹکٹ دستیاب ہوسکیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب خراب موسم کے باعث ابھی تک پچ سے کور ز نہیں ہٹائے جاسکے ہیں اور ٹاس مقررہ وقت پر نہیں ہوسکے گا ، امپائرز موسم کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور موسم صاف ہوتے ہی میچ شروع کروادیا جائے گا ۔جمعرات کو ڈبلن میں آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ولیم پورٹر فیلڈ اور قومی کپتان سرفراز احمد نے واحد ٹیسٹ میچ کی ٹرافی کی رونمائی کی۔اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ اگر میچ میں بارش ہوئی تو دونوں ٹیموں کو نقصان ہوگا، امام الحق کو تجربہ کار اوپنر سمیع اسلم پر اس لیے ترجیح دی گئی ہے کیوں کہ سمیع اسلم کے مقابلے میں امام الحق اچھی بیٹنگ فارم میں ہیں۔

سرفراز کا کہنا تھا کہ لیگ سپنر شاداب خان نے پریکٹس میچز میں اچھی بولنگ کی لیکن ہمیں ٹور پر یاسر شاہ کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، امید ہے شاداب خان توقعات پوری کرتے ہوئے اچھا پر فارم کریں گے۔قومی کپتان نے کہا کہ تمام کھلاڑی فٹ ہیں،آئر لینڈ نے ٹیسٹ کا درجہ حاصل کرنے کے لئے طویل سفر طے کیا ہے اور وہ اس کے مستحق ہیں، پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے بعد آئرلینڈ کی کرکٹ مزید بلندی کی طرف جائے گی ۔

سرفراز کا مزید کہنا تھا کہ ٹیسٹ سے قبل پریکٹس کے لیے زیادہ سے زیادہ میچز ملنے چاہئیں، پہلا میچ سرد موسم اور دوسرا گرم موسم میں ہوا، میرے اور میری ٹیم کے لیے اعزاز ہے کہ ہم تاریخی ٹیسٹ میں شریک ہیں،انہوں نے کہا کہ موسم پر کنٹرول کرنا ہمارے بس میں نہیں ہے، ہم پورا میچ کھیل کر جیتنا چاہتے ہیں۔
تاریخی ٹیسٹ پر بادلوں کا راج ،تاریکی چھاگئی