اوپن یونیورسٹی میں دوسری’’ قومی گریجویٹ کانفرنس2018‘‘ کے انعقاد کی تیاری

ملک بھر سے تمام شعبوں کے فارغ التحصیل طلبہ کو تحقیقی اور تخلیقی کام شوکیس کرانے کی دعوت دی جائے گی ،ْ ڈاکٹر شاہد صدیقی

جمعہ 11 مئی 2018 14:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میںآفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے زیر اہتمام دوسری "قومی گریجویٹ کانفرنس 2018 " منعقد کرانے کی تیاری جاری ہے۔ کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ،ْ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ علوم کی تخلیق اور ترویج کی ایک برابر اہمیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے گذشتہ پونے چار سال کے عرصے میں علوم کی تخلیق اور ترویج دونوں پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کے نتیجے میں یونیورسٹی نے 17ریسرچ جرنل شائع کئے اور تحقیق کے نتائج کی ترویج کے لئے 33قومی و عالمی کانفرنسسز منعقد کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گریجویٹ کانفرنس کا بنیادی مقصد بھی طلبہ کے تحقیقی اور تخلیقی کام کی ترویج ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے دیگر مقاصد میں نئی نسل کو ریسرچ کی جانب گامزن کرنا ،ْ اُن میں کاروباری صلاحیتیں اجاگر کرنا اور چھو ٹے سطح پر کاروبار شروع کرنے کی گائیڈ لائن فراہم کرنا شامل ہیں۔ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ ملک بھر سے تمام شعبوں کے فارغ التحصیل طلبہ کو تحقیقی اور تخلیقی کام کانفرنس میں شوکیس کرانے کی دعوت دی جائے گی۔گریجویٹ کانفرنس میں شرکت اور پراجیکٹس نمائش میں حصہ لینے کے لئے طلبہ کو یونیورسٹی کے آفس آف ریسر چ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔