قائمقام صدر آزاد کشمیرشاہ غلام قادر چار روزہ دورے پر نیلم پہنچ گئے

جمعہ 11 مئی 2018 14:39

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) قائمقام صدر آزاد کشمیرشاہ غلام قادر چار روزہ دورے پر نیلم پہنچ گئے۔چلہانہ ،شاردہ اور دیگر مقامات پر پُرتپاک استقبال ہوا۔ اُنہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ظُلم اور جبر کا کوئی کالا قانون کشمیری عوام کو حق خودارادیت کے حصول سے نہیں روک سکتا۔ بھارتی فوج کے چیف آف آرمی سٹاف بیین راوت بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مسلط 8لاکھ بُزدل فوج کا حوصلہ بڑھانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ لاکھوں کشمیری عوام نے آزادی کی خاطر جام شہادت نوش کیا ہے ، گھر بار اُجڑ چُکے ہیں، مائوں بہنوں ، نوجوانوں ، بزرگوں، بچوں کی قُربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ سیز فائر لائن کے عوام نے بھی گرانقدرخدمات سرانجام دی ہیں۔

(جاری ہے)

اُن کے حوصلے بلند ہیں۔ پا ک افواج نے دشمن کو نکیل ڈال رکھی ہے۔ حالات کا تقاضا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت دے۔

اس سے قبل قائمقام صدر آزاد کشمیر نے میرپورہ میں مرحومین راجہ محمد حسن خان، سید سخاوت شاہ ، سید مظہر نقوی کی والدہ محترمہ، عبدالرشید پرنئی کی والدہ محترمہ اورسید عاشق شاہ پرنئی کی والدہ محترمہ کے گھروں میں جا کر تعزیت کی اور سوگوار ان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مرحومین کے بلندیء درجات کی دُعا کی۔ شاردہ میں کُھلی کچہری میں عوامی مسائل معلوم کیے اور انتظامیہ کو اُنہیں حل کرنے کے احکامات دئیے۔

اُنہوں نے کہا کہ آمدہ بجٹ میں عوامی مسائل کے حل میں بھرپور مدد ملے گی اور ترقیاتی امور میں مزید اضافہ ہو گا۔ شاردہ میں آفات سماوی کے متاثرین میں قائمقام صدر آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے چیک تقسیم کیے۔ اُنہوں نے کہا کہ دُکھوں کا مداوا اللہ پاک کی ذات ہی کرتی ہے۔ بہرحال حکومت آزاد کشمیر ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ متاثرین کی بروقت مدد کی جائے۔ اس حوالے سے انتظامیہ کا بھی اہم کردار ہے۔ قائمقام صدر آزاد کشمیر سے عوامی وفود اور کارکنان کی ملاقاتوں کا طویل سلسلہ جاری ہے۔