قومی اسمبلی کے اجلاس کے دور ان مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کر دی گئیں

مشترکہ میری ٹائم معلوماتی تنظیم بل 2018ء پر قائمہ کمیٹی برائے دفاع کی رپورٹ بھی پیش شام کی عدالتیں بل 2017ء پر قائمہ کمیٹی اور قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کی سروس ٹریبونلز (ترمیمی) بل 2017ء پر رپورٹ ایوان میں پیش کر دی گئی

جمعہ 11 مئی 2018 15:03

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دور ان مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) قومی اسمبلی کے اجلاس کے دور ان مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کر دی گئیں ۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و اقتصادی امور کی چار رپورٹیں قومی اسمبلی میں پیش کی گئیں۔ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین قیصر احمد شیخ نے بنکوں کے قومیانے کے بل 1974ء میں مزید ترمیم کے بل 2018ء ‘ قرضہ جات برائے زرعی‘ تجارتی و صنعتی اغراض (ترمیمی) بل 2017ء سرمایہ کاری کارپوریشن پاکستان تنسیخ بل 2017ء اور ایس بی پی بنکنگ سروسز کارپوریشن (ترمیمی) بل 2017ء پر قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی رپورٹس ایوان میں پیش کیں۔

اجلاس کے دور ان مشترکہ میری ٹائم معلوماتی تنظیم بل 2018ء پر قائمہ کمیٹی برائے دفاع کی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع شیخ روحیل اصغر کی جگہ مشترکہ میری ٹائم معلوماتی تنظیم کی تشکیل اور انضباط کے انتظام کے بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔اجلاس کے دور ان قبائلی علاقہ جات رواج بل 2017ء پر قائمہ کمیٹی برائے ریاستیں و سرحدی علاقہ جات بل کی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کی گئی ۔

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے قائمہ کمیٹی برائے ریاستیں و سرحدی علاقہ جات کے چیئرمین جمال الدین کی جگہ وفاق کے زیر انتظام علاقہ جات اور محفوظ یا زیر انتظام علاقہ جات میں انصاف کی فراہمی‘ قیام امن اور اچھی حکمرانی کے ایک نظام کے قیام کے لئے احکام وضع کرنے کے بل قبائلی علاقہ جات رواج بل 2017ء پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔

اجلاس کے دور ان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے شماریات کی شماریات عامہ تنظیم نو (ترمیمی) بل 2017ء پر رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کی گئی ۔چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے شماریات ڈاکٹر رمیش کمار وینکوانی کی جگہ وفاقی وزیر سید ریاض حسین پیرزادہ نے شماریات عامہ تنظیم نو ایکٹ 2011ء میں ترمیم کرنے کے بل شماریات عامہ تنظیم نو (ترمیمی) بل 2017ء پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔

اجلاس کے دور ان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کی سروس ٹریبونلز (ترمیمی) بل 2017ء پر رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کی گئی چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ رانا محمد حیات خان کی جگہ نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک نے سروس ٹریبونل ایکٹ 1973ء میں مزید ترمیم کرنے کے بل پر رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ اجلاس کے دور ان شام کی عدالتیں بل 2017ء پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی چوہدری محمد اشرف کی جگہ کرن حیدر نے یہ رپورٹ ایوان میں پیش کی۔اجلاس کے دور ان فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2016ء قومی اسمبلی میں پیش کی گئی۔ وزیر انچارج برائے کابینہ سیکرٹریٹ شیخ آفتاب احمد نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن آرڈیننس 1977ء کی دفعہ 9 کی ذیلی دفعہ 1 کی مقتضیات کے مطابق فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپورٹ برائے 2016ء قومی اسمبلی میں پیش کی۔