ایرانی جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی خوش آئند قدم ہے،شامی اپوزیشن

شام کو بیرونی طاقتوں کے لئے میدان جنگ بننے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،سربراہ نصر الحریری کی گفتگو

جمعہ 11 مئی 2018 15:05

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) شامی اپوزیشن پر مشتمل مذاکراتی کمیشن کے سربراہ نصر الحریری نے ایرانی نیوکلیئر معاہدے سے امریکی علیحدگی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق نصر الحریری ان دنوں لندن کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے کہا کہ اعلان درست سمت میں قدم ہے، جس سے ان علاقائی معاملات کے حل کا حقیقی موقع ملا ہے جن میں ایران ملوث ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن سے ملاقات کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے نصر الحریری نے کہا کہ دنیا میں کوئی ایسا ملک نہیں کہ جہاں شام کی طرح ایرانی ناسور کے اثرات محسوس نہ کئے جاتے ہوں۔انھوں نے کہا کہ یہ درست سمت میں کیا جانا والا اقدام ضرورہے، تاہم علاقے میں ایرانی نفوذ روکنے کے لئے صرف یہ بات کافی نہیں ہے ،شامی رہنما نے خبردار کیا کہ ان کے ملک کو بیرونی طاقتوں کے لئے میدان جنگ بننے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انھوں نے کہا کہ عام شہریوں کے تحفظ اور تنازع کے حل کی خاطر وسیع البنیاد جامع تزویراتی کوششوں کی ضرورت ہے۔نصر الحریری نے کہا کہ اس تناظر میں علاقائی عناصر کو شام میں اپنے قومی مفادات کے تھیئٹر کے طور پراستعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔