حیدرآباد کے لوگ زہر کھانا پسندکرلینگے مگرپیپلزپارٹی کو ووٹ نہیں دینگے،شبیر انصاری

جمعہ 11 مئی 2018 15:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبروسابق ایم این اے صاحبزادہ شبیر حسن انصار ی نے کہاہے کہ حیدرآباد میں پیپلزپارٹی سمیت کسی اور جماعت کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور جو ایسا سوچتے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،حیدرآباد کے لوگ زہر کھانا پسندکرینگے مگرپیپلزپارٹی کو ووٹ دینا پسندنہیں کرینگے کراچی کے ایک میدان میں دوجماعتوں کے جھگڑے میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ کراچی اور پورے سندھ میں صرف دو ہی جماعتیں رہ گئی ہیں جن کے جلسوں میں آنے کے لیے عوام ماہی بے آب ہیں جبکہ پیپلزپارٹی نے لیاقت آباد میں جلسہ کرکے شاید یہ سمجھ لیاہے کہ انہوںنے شاید سندھ کے تمام شہروں کو ہی فتح کرلیاہے جو انتہائی بدترین بدگمانی ہے اورخام خیالی ہے،ان خیالات کااظہار انہوںنے محمدی چوک روڈ کے دورے کے موقع پر کیا ،اس دوران انہوںنے لوگوں کے مسائل معلوم کیئے ،ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے روز اول سے لیکر آج تک حیدرآباد کے شہریوں کی زندگیاں اجیرن کیئے رکھی ہیں ،حیدرآباد میں پھیلی تمام تر تباہی کی ذمہ داری پیپلزپارٹی کی حکومت پر عائد ہوتی ہے ، 1977میں جب تحریک نظام مصطفٰی کا آغاز ہوا تھاتو مدینہ مسجد سرے گھاٹ سے نکلنے والے جلوس پر پیپلزپارٹی نے فائرنگ کرواکر پانچ افراد کوموت کے گھاٹ اتروادیاتھا،جبکہ اس سے اگلے دن بھی حیدر آباد میں ہی پریٹ آباد کے حسینی چوک پرپیپلزپارٹی کی فیڈرل سیکورٹی فورس نے اندھا دھند فائرنگ کرکے بارہ انسانوں کو حسینی چوک پر مارگرایا تھا اس روز ان ہلاکتوں ک کے علاوہ ڈیڈھ سو لوگ شدید زخمی ہوئے تھے میں خود میں بھی اسی سانحے کے موقع پر موجود تھا ، ان لمحات کو حیدرآباد کی عوام آج تک نہیں بھولیں ہیں کیونکہ پیپلزپارٹی کی بربریت کا نشانہ بننے والے ان شہدا کی قبریں آج بھی پریٹ آباد میں موجود ہیں ، انہوںنے کہاکہ ان واقعات کو حیدرآباد کی عوام بھول کرپیپلزپارٹی کو ووٹ ڈالنا شروع کردے گی ایسا سوچنا بھی پیپلزپارٹی کی لوگوں کے لیے بے وقوفی ہوگی،انہوںنے مزید کہاکہ حیدرآباد بانیان پاکستان اور ان کی اولادوں کا شہر ہے اس کی بربادی کا جس کسی نے سوچا ہے اس کا حال بہت برا ہواہے ۔