ایران پر امریکی دباؤ میں اضافہ

پاسدارانِ انقلاب سے تعلق کی بنا پر چھ ایرانی افراد اور تین کمپنیوں پر پابندیاں عائد پابندیوں کے ذریعے اٴْن لوگوں کو نشانہ بنایا گیا جنھوں نے ایران کی منفی سرگرمیوں کے لیے لاکھوں ڈالر خرچ کیے،امریکی وزیرِ خزانہ

جمعہ 11 مئی 2018 15:28

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2018ء) امریکہ نے کہاہے کہ اس نے چھ ایرانی افراد اور تین کمپنیوں پر ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ تعلقات کی بنا پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔امریکی وزیرِ خزانہ سٹیو مونچن کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں کے ذریعے اٴْن لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جنھوں نے ایران کی منفی سرگرمیوں کے لیے لاکھوں ڈالر خرچ کیے۔

اگرچہ امریکی محکمہ خزانہ نے پابندی عائد کی جانے والی شخصیات کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم اس کا یہ کہنا ہے کہ ان تمام کا تعلق ایران سے ہے۔اب کسی بھی امریکی کمپنی یا فرد کو ان کے ساتھ کام کرنے کی اجازت نہ ہوگی۔ یہ اقدام متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ مل کر کیا گیا ہے۔امریکی وزیرِ خزانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایرانی حکومت اور اس کے مرکزی بینک نے یو اے ای میں اداروں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے امریکی ڈالر حاصل کیے جس میں پاسدارانِ انقلاب کی تباہ کن سرگرمیوں کے لیے سرمایہ کاری اور اپنے علاقائی پراکسی گروہوں کو پیسہ اور اسلحہ فراہم کرنا تھا۔

(جاری ہے)

سٹیو مونچن کا مزید کہنا تھا ’ہم پاسدارانِ انقلاب کی آمدنی کے تمام ذرائع کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔خیال رہے کہ سنہ 1979 میں ایرانی انقلاب کے بعد ملک میں پاسدارانِ انقلاب کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جس کا مقصد ایران کے اسلامی نظام کی حفاظت کرنا تھا۔ایران کے انتظامی ڈھانچے کے مطابق عام حالات میں 'اندرونی سلامتی کے خطری' سے نمٹنے کی ذمہ داری پولیس اور انٹیلیجنس پر ہوتی ہے لیکن صورت حال کے سنگین رخ اختیار کرنے پر اس سے نمٹنے کی ذمہ داری پاسدارانِ انقلاب کو دی جاتی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاسدارانِ انقلاب کو ’بد عنوان دہشت گرد ملیشیا‘ قرار دیتے ہیں۔ انھوں نے گذشتہ سال اکتوبر میں پاسدارانِ انقلاب پر پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا تھا۔خیال رہے کہ امریکہ کی جانب سے ایران کے پاسدارانِ انقلاب پر عائد کی جانے والی نئی پابندیاں ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کے دو روز بعد سامنے آئی ہیں۔امریکی صدر نے نو مئی کو اعلان کیا تھا کہ ان کا ملک سنہ 2015 میں ہونے والے ایرانی جوہری معاہدے سے نکل رہا ہے اور اب ایران کے خلاف دوبارہ سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

امریکہ کے اس فیصلے کے بعد ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھوں نے جوہری معاہدے سے نکلنے کا فیصلہ کر کے 'غلطی' کر دی ہے۔خیال رہے کہ 2015 میں ہونے والا یہ جوہری معاہدہ ایران اور اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے پانچ مستقل رکن ممالک امریکہ، برطانیہ، فرانس، چین اور روس سمیت جرمنی کے درمیان ہوا تھا۔