پشاورکے ہوٹل میں دھماکا،

ایک ہی گھرانے کے 5 افراد جاں بحق،2 زخمی زخمی ہونے والے دو بچے تشویشناک حالت میں راولپنڈی منتقل دھما کہ ہوٹل کی پانچویں منزل پر گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا ،متاثرہ خاندان ہنگو سے علاج کی غرض سے پشاور آیا تھا اور ہوٹل میں قیام پذیر تھا،سی سی پی او پشاور

جمعہ 11 مئی 2018 15:32

پشاورکے ہوٹل میں دھماکا،
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2018ء) پشاور کے علاقے بلال ٹاؤن میں واقع ہوٹل میں دھماکے کے نتیجے میں ایک ہی گھرانے کے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ بلال ٹاؤن کے آفندی ہوٹل کی پانچویں منزل پر گیس سلنڈر کا دھماکا ہوا جہاں قیام کرنے والے ہنگو سے تعلق رکھنے والے ایک ہی گھرانے کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں کامران، اس کی بیوی، والدہ اور دو بچے شامل ہیں جب کہ زخمی ہونے والے دو بچے کامران کے بھتیجے ہیں۔

سی سی پی او پشاور جمیل الرحمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان ہنگو سے علاج کی غرض سے پشاور آیا تھا اور ہوٹل میں قیام پذیر تھا جب کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے دو بچوں کو تشویشناک حالت میں راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔ سی سی پی او پشاور نے بتایا کہ ہوٹل کی پانچویں منزل پر کمرہ نمبر 408 میں دھماکا ہوا جس کے باعث گھر میں آگ لگی اور ملبے گرنے سے ہوٹل سے نیچے کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بم ڈسپوزل یونٹ نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انچارج بم ڈسپوزل یونٹ اے آئی جی شفقت ملک کا کہنا تھا کہ دھماکا بارودی مواد کا نہیں گیس سلنڈر کا تھا اور جائے وقوعہ سے دھماکا خیز مواد کے کوئی شواہد نہیں ملے۔اے آئی جی شفقت ملک نے مزید کہا کہ متاثرہ فیملی کی جانب سے کچھ پکانے کے لیے سلنڈر جلایا گیا تو دھماکا ہوا اور آگ لگنے کے باعث زیادہ نقصان ہوا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے سے ہوٹل کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹے جو کہ نیچے پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں پر آ گرے اور جزوی طور پرچند گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔ دھماکے کے بعد ہوٹل میں لگی آگ بھڑک اٹھی اور فوراً ریسکیو کو اطلاع دی گئی جس کے بعد ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ہوٹل میں لگی آگ پر قابو پا لیا۔علاوہ ازیں ہوٹل میں ٹھہرے باقی مسافروں کو ریسکیو 1122 نے باحفاظت نکال لیا جب کہ پولیس، فائربریگیڈ، ریسکیو اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوعہ پر موجود ہیں