چیئرمین نیب سے معافی اور استعفیٰ کا مطالبہ انہیں کرپشن کے خلاف کام سے روکنا ہے ،میاں کامران سیف

جمعہ 11 مئی 2018 15:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے ر ہنما وسیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے چیئرمین نیب سے معافی اور استعفی کے مطالبہ کو انہیں کرپشن کے خلاف کام سے روکنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اداروں کے خلاف لب کشائی کی بجائے اپنی بریت کے ثبوت پیش کریں تاکہ انہیں الزامات سے بریت کا عدالتی سرٹیفکیٹ حاصل ہوسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میاں کامران سیف نے کہا کہ یہ کتنی عجیب بات ہے کہ حکومت بھی انہی کی پارٹی کی ہے اور چیئرمین نیب بھی انہی کی جانب سے تعینات کیا گیا ہے اب جب ان کی مرضی کے مطابق کام نہیں ہورہا تو وزیراعظم سے لیکر پارٹی قائدین تک چیئرمین نیب کے خلاف زبان درازی کررہے ہیں کبھی انہیں پارلیمنٹ میں لانے کی بات کی جارہی ہے اور کبھی ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ منظر عام پر آرہا ہے تاکہ سابق حکمرانوں کی کرپشن پر پردہ ڈالا جاسکے۔انہوںنے کہا کہ اگر کرپٹ افراد کا احتساب کرنا جرم ہے تو یہ جرم بار بار کیا جائے تاکہ کرپشن سے پاک معاشرہ وجود میں آسکیں اور قومی دولت کو خرد برد کرنے کی کسی کو جرات نہ ہوسکے۔