نیب نے نواز شریف پر یہ الزامات لگا کر نواز شریف کو ہی فائدہ پہنچایا ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ مئی 15:26

نیب نے نواز شریف پر یہ الزامات لگا کر نواز شریف کو ہی فائدہ پہنچایا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 مئی 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے چئیرمین نیب سے جو بھی سوالات کیے ہیں ان کے وہ سوالات بنتے ہیں اور چئیرمین نیب کو چاہئیے کہ وہ ان سوالات کا جواب بھی دیں، چئیرمین نیب نے نوٹس لے کر ایک غلطی کی ہے، چئیرمین نیب کے اس اقدام سے بلاواسطہ نواز شریف کو ہی فائدہ پہنچا ہے، انہوں نے کہا کہ میں اپنے محبوب قائد نواز شریف کو کہنا چاہتا ہوں کہ 125 دن کا دھرنا ہوا ، کیا آپ نے کسی کو کہا کہ معافی مانگ کر گھر چلا جائے؟ مادل ٹاؤن میں 11 یا 14 بندے مار دئے گئے، کیا آپ نے کسی کو کہا کہ معافی مانگ کر گھر چلا جائے؟ بلکہ اس کے برعکس تمام پولیس افسران کو اعلیٰ ترقیاں ملیں، اور اعلیٰ عہدے دئے گئے۔

(جاری ہے)

قصور کی سڑکوں پر قتل ہوئے کیا آپ نے کسی کو کہا کہ معافی مانگ کر گھر چلا جائے؟ پچھلے چئیرمین نیب پر عمران خان سے لے کر سپریم کورٹ تک تمام لوگ برہم تھے، لیکن کیا آپ نے کبھی ان سے کہا کہ وہ معافی مانگ کر گھر چلے جائیں۔ کیا آپ نے جسٹس قیوم کو کہا کہ معافی مانگ کر گھر چلا جائے؟ ظفر حجازی کو آپ نے کہا کہ معافی مانگ کر گھر چلا جائے؟احد چیمہ پر آپ نے کہا کہ معافی مانگ کر گھر چلا جائے؟اسحاق ڈار کو آپ نے کہا کہ معافی مانگ کر گھر چلا جائے؟ ڈان لیکس پر کس کو معافی مانگ کر گھر جانا چاہئیے تھا؟ نہال ہاشمی اور طلال چوہدری کی سپریم کورٹ پر چڑھائی پر کس کو معافی مانگ کر گھر جانا چاہئیے تھا؟ سپریم کورٹ پر حملے کے بعد کس کو معافی مانگ کر گھر چلے جانا چاہئیے تھا۔

پانامہ لیکس پر کس کو معافی مانگ کر گھر چلے جانا چاہئیے تھا؟ نا اہل ہونے کے بعد کس کو معافی مانگ کر گھر چلے جانا چاہئیے تھا؟ پارلیمنٹ ، عوام اور عدلیہ کو بے وقوف بنانے کے بعد کس کو گھر چلے جانا چاہئیے تھا؟ بات یہ ہے کہ جب تک یہ لوگ غلطیاں کرتے رہیں گے اور قوم پر مسلط رہیں گے ، اخلاقی طور پر خود کو جوابدہ نہیں سمجھیں گے تو باقی کیوں جائیں؟ کیا آپ کوئی علیحدہ ہیں جو ہر قانون سے بالاتر ہیں؟ ارشاد بھٹی نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر معافی مانگ کر گھر جانے کی روایت پڑی ہوتی تو میں آج کہتا کہ چئیرمین صاحب گھر چلے جاؤ۔

آپ نے خود کسی کو بھی نہیں کہاکہ گھر چلے جاؤ، تو پھر آج آپ کو جمہوریت کیوں یاد آ رہی ہے؟ یاد رہے کہ گزشتہ روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے بیان دیا تھا کہ چئیرمین نیب نے ہم پر جو الزام عائد کیے وہ بے بنیاد ہیں، چئیرمین نیب ان الزامات کو ثابت کریں اور اگر ثابت نہ کر سکے تو معافی مانگ کر گھر چلے جائیں۔