پھولوں کی کاشت کو فروغ دے کر کثیر منافع کمایا جاسکتا ہے،ماہرین

جمعہ مئی 15:45

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2018ء) زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ پھولوں کی کاشت کو فروغ دے کر کثیر منافع کمایا جاسکتا ہے کیونکہ دنیا میں کٹ فلاور کا کاروبارتیزی سے ترقی کررہاہے ، حکومت پنجاب گل بانی کے شعبہ کے فروغ کیلئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر فلوریکلچر نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سنٹر نور عالم خان ، سابق ڈائریکٹر فلوریکلچر نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سنٹرحامد خورشید ،ہارٹیکلچرسٹ تحقیقی ادارہ برائے گلبانی و چمن آرائی (فلوریکلچر) راولپنڈی ڈاکٹر ریاض الرحمٰن و دیگر نے محکمہ زراعت پنجاب شعبہ گلبانی و چمن آرائی (فلوریکلچر) کے زیر اہتمام ایک ماہ کے تربیتی کورس کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

کورس میں زمین کی تیاری ، پودوں کی افزائش ، پیوند کاری کے جدید طریقوں ، پھولوں کی آرائش اور ڈیزائننگ کے متعلق تربیت فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

حامد خورشید نے اس موقع پر کہا کہ کورس سے بیروزگار افراد فائدہ اٹھا کر اپنا کاروبار شروع کر سکتے ہیں ، ملک میں گلبانی و چمن آرائی کے شعبے میں بہت زیادہ مواقع موجود ہیں۔اس موقع پر ہارٹیکلچرسٹ ڈاکٹر ریاض الرحمن نے بتایاکہ پنجاب حکومت ضلع راولپنڈی میں پھولوں کی کاشت کے فروغ میں دلچسپی کے لئے مالی مدد کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

یہ مالی مدد 2 لاکھ روپے بیج کی خریداری کے ضمن میں کی جائے گی۔ اس کے لئے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ درخواستوں کی تعداد زیادہ ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کی جائے گی جس سے گلبانی و چمن آرائی کے کاروبار کو فروغ دیا جائے گا۔