Live Updates

تحریک انصاف پانچ سالہ کامیاب کارکردگی کی بنیاد پر آنے والے الیکشن میں پورے ملک میں حکومت بنائے گی،عاطف خان

جمعہ 11 مئی 2018 15:45

تحریک انصاف پانچ سالہ کامیاب کارکردگی کی بنیاد پر آنے والے الیکشن ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پانچ سالہ کامیاب کارکردگی کی بنیاد پر آنے والے الیکشن میں پورے ملک میں حکومت بنائے گی۔ ہماری کامیاب پالیسیوں سے عوام مطمئن ہیں ہم نے انکی 70سالہ محرومیوں کا ازالہ کردیا ہے ۔ وہ گڑیالہ مردان میں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے جس سے ممبر قومی اسمبلی مجاہد خان نے بھی خطاب کیا۔

محمد عاطف خان نے کہا کہ ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے ہماری پانچ سالہ کارکردگی اور باقی حکومتوں کی کارکردگی کا موازنہ کریں ، اداروں میں اصلاحات ، صحت ، تعلیم اور پولیس کے نظام میں انقلابی اقدامات کیساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردان میں کئی اہم میگا پراجیکٹس کیساتھ ساتھ گڑیالہ میں ڈھائی کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا روڈ ، لڑکیوں کی تعلیم کیلئے 7کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول گڑیالہ ، 17کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالا ہسپتال ، سولرائزیشن ، گلی کوچوں کی تعمیر اور بجلی کی مد میںبھی کروڑوں روپے کے کام ہوچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان ترقیاتی کاموں کا عوام پر کوئی احسان نہیں ، یہ آپ لوگوں کا جائز حق ہے مگر میں نے اپنی پور ی کوشش کی ہے کہ تمام کام میرٹ پر ہو ۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے منشور کے مطابق غریب عوام کیساتھ کھڑی ہے اور انکی فلاح و بہبود کیلئے منصوبے بنا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمارے اور سابقہ دور کے عوامی نمائندوں کا بھی موازنہ کریں ، سابقہ حکمران سائیکل پر آئے تھے اور 5سال گزارنے کے بعد کرپشن کرکے لینڈ کروزر پر واپس گئے۔

جبکہ ہم نے میرٹ کے مطابق کام کیا ۔ میرٹ پر اساتذہ بھرتی ہوئے اور تمام ٹھیکے میرٹ پر ای ٹینڈر سسٹم کے ذریعے دئیے گئے ہیں ۔ نتیجتاً آ ج ان کے کام کے معیار اور ہمارے کام کے معیار میں زمین اور آسمان کا فرق ہے ۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ ہم نے غریب عوام کے مسائل میں 80فی صد تک کمی لائی ہے اور اگر اللہ تعالیٰ نے دوبارہ موقع دیا تو باقی مسائل بھی حل کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات