سٹیٹ بنک ڈالر کی قیمت کنٹرول کرنے میں اپنا کردار ادا کرے‘ عرفان اقبال شیخ

رمضان البارک کے مقدس ماہ سے پہلے مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے ،حکومت ڈالر کی قیمت میں آئے روز اضافہ کا نوٹس لے

جمعہ 11 مئی 2018 16:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشن فرنٹ(پیاف )کے چیئرمین عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لئے سٹیٹ بنک آف پاکستان کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اگر یہی صوتحال رہی تو ڈالر کی قیمتیں اسی طرح مزید بڑھتی رہیں گی جس سے مہنگائی میں اضافہ ہو جائے گا، اگر فوری اقدامات نہ کئے گئے تو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے گا پچھلے چند ایام میںاوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی سے صنعتی پیداوار متاثر ہو رہی ہے کیونکہ روپے کی بے قدری کے باعث درآمدی خام مال کی قیمت بڑھ چکی ہے، جس کی وجہ سے ملک کے اندر تیارہونے والے مصنوعات کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے اور ملک میں مہنگائی کی شرح میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیاف نے کہا کہ سٹیٹ بنک اور فاریکس کمپنیاں بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اور ڈالر کی قدر میں اضافہ روکنے کے لیے سخت ترین اقدامات کریں۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے صنعتی پیداوار متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ملک پر بیرونی قرضوں کا بوجھ بھی بڑھا ہے اس لیے ایسے اقدامات کیے جائیں جن کے باعث ادائیگیوں میں تواز ن قائم ہو اور تجارتی خسارہ میں کمی ہو۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں آئے روز اضافہ ملکی معیشت کیلئے خطرہ کی گھنٹی ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ڈالر کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے سخت ترین اقدامات کرے ۔