لاہور ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مواد کو روکنے کیلئے تجاویز طلب کر لیں، پی ٹی اے نے تفصیلی رپورٹ پیش کر دی

جمعہ 11 مئی 2018 16:20

ْ لاہور۔11 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مواد کو روکنے کیلئے تجاویز طلب کر لیں۔جمعہ کو جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سول سوسائٹی کے رکن عبداللہ ملک کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مواد اپ لوڈ کیا جا رہا ہے جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے‘ ایسے مواد کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ ہونے سے نہ صرف روکا جائے بلکہ ایسے مواد کو ہٹانے کے بھی احکامات صادر کئے جائیں۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے عدالتی حکم پر تفصیلی رپورٹ پیش کر دی جس پر عدالت نے درخواست پر مزید کارروائی 18 مئی تک ملتوی کر دی۔