لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان اور طاہر القادری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر اعتراض ختم کر دیا

جمعہ مئی 16:20

لاہور۔11 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر اعتراض ختم کر دیا اور درخواست کو فل بنچ کے سامنے کارروائی کیلئے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ جمعہ کو جسٹس انوارالحق نے مقامی وکیل علم الدین غازی کی درخواست پر اعتراض کی سماعت کی اور ہائیکورٹ آفس کے اعتراض کو ختم کر دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے حکم دیا کہ عمران خان اور طاہر القادری کیخلاف درخواست اسی فل بنچ کے سامنے کارروائی کیلئے پیش کی جائے جو اسی نوعیت کے معاملے پر سماعت کر رہا ہے۔ درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا 2014 میں دونون جماعتوں نے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا اور دھرنا دینے کیخلاف عدالتی احکامات کی پاسداری نہیں کی گئی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ عدالتی احکامات کی تعمیل نہ کرنا توہین عدالت کے زمر ے میں آتا ہے۔اب درخواست پر سماعت 25 مئی کو فل بنچ کے روبرو ہو گی۔