ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی ) اور پنک ربن کا پنک ٹوبر یوتھ اویئرنس پروگرام 2017 کے تحت تیسرے سالانہ یوتھ ایوارڈز کااعلان

جمعہ 11 مئی 2018 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی ) اور پنک ربن نے پنک ٹوبر یوتھ اویئرنس پروگرام 2017 کے تحت تیسرے سالانہ یوتھ ایوارڈز کااعلان کر دیا۔ پنک ٹوبر یوتھ اویئرنس پروگرام ان جامعات کوسراہنے کے لیے دیا جاتا ہے جو بریسٹ کینسر کی آگاہی کے حوالے سے بہتر کارکردگی دکھاتی ہیں ۔ ایڈوائزر لرننگ انوویشن ڈویژن ، ایچ ای سی ، مسز شاہین خان اس تقریب کی مہمان خصوصی تھیں جبکہ ڈائریکٹر جنرل، لرننگ انوویشن ڈویژن، ایچ ای سی، فدا حسین اور پنک ربن کے سی ای او ، عمر آفتاب سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ۔

فاطمی جناح ڈینٹل کالج، کراچی نے جامعات کی کٹیگری میں پہلی پوزیش حاصل کی جبکہ کنئرڈ کالج فار ویمن یونیورسٹی، لاہور اور یونیورسٹی آف لاہور نے بتدریج دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کیں۔

(جاری ہے)

کالجز کی کٹیگری میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار ویمن، سیٹلائٹ ٹاؤن ، راولپنڈی نے پہلی جبکہ کالج فار ویمن ڈی جی خان نے دوسری اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار ویمن،شاد باغ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ، ڈاکٹر ارشد علی، ایچ ای سی نے اپنے پیغام میں امید ظاہر کی کہ اس پروگرام سے سوسائٹی کو فائدہ ہوگا اور لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں گی ۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایچ ای سی اعلی تعلیم کی جامعات اور پنک ربن کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ عوام کو بریسٹ کینسر سے آگاہی دلوائی جا سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسز شاہین خان کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی اور پنک ربن نے پاکستانی نوجوانوں کو بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کا اہم کام سر انجام دیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔

انھوں نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر بریسٹ کینسر کی علامات ظاہر ہوں تو جلداز جلد معالج سے رجوع کریں۔ انھوں نے کہا کہ ایچ ایس اور پنک ربن کے باہمی تعاون سے عوام میں اتنا شعور بیدار ہوچکا ہے کہ اس بیماری کا ابتدائی اسٹیج پر ہی تشخیص ہوجاتی ہے۔ اس سے پہلے عمر آفتاب نے ایچ ای سی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایچ ای سی کے تعاون ہی کی بدولت سو سے زائد اعلی تعلیمی جامعات میں بریسٹ کینسر کی آگاہی ممکن ہو سکی ہے ۔

انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ بریسٹ کینسر نوجوان لڑکیوںکو لاحق ہو رہا ہے اور اس کا یہی تدارک ہے کہ اس بیماری سے آ گاہی فراہم کی جائے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو صحت کی اہمیت سے آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ایک اچھے مستقبل کی بنیاد رکھ سکیں ۔ انھوں نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ پنک ربن نے پاکستان کا پہلا بریسٹ کینسر اسپتال بنانے کا آگاز کر دیا ہے جو کہ آئندہ دو سالوں میں مکمل ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ایچ ای سی کے تعاون سے پاکستان کے دور دراز علاقوں کے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو بریسٹ کینسر کی آگاہی فراہم کی ہے ۔ تقریب کے اختتام پر پوزیشن ہولڈرز، رضاکاروں اور ڈیجیٹل کمپین چلانے والوں میں ایوارڈز تقسیم کیے گئے ۔