کون سی جماعتیں آئندہ عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گی؟

خواتین کو مناسب نمائندگی نہ دینے والے جماعتیں آئندہ الیکشن نہیں لڑ سکیں گی، الیکشن کمیشن نے ہدایت نامہ جاری کردیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ مئی 16:46

کون سی جماعتیں آئندہ عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گی؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 مئی 2018ء) : موجودہ حکومت کی مدت پوری ہونے کو ہے جس کے بعد نگران حکومت بنائی جائے گی اور عام انتخابات 2018ء کا انعقاد کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے رواں برس عام انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں کو ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے جس میں واضح طور پر کہاگیا ہے کہ خواتین کو مناسب نمائندگی نہ دینے والی سیاسی جماعتیں آئندہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیےگئے ہدایت نامے میں کہا گیا کہ آئندہ الیکشن میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتیں قومی و صوبائی اسمبلی کے5 فیصد ٹکٹ خواتین اُمیدواروں کودیں گی، خواتین کو 5 فیصد سے کم ٹکٹ دینے والی سیاسی جماعت کو انتخابی نشان الاٹ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہدایت نامے میں واضح کہا کہ آئین کے تحت سیاسی جماعتوں کے لیے انٹرا پارٹی الیکشن کروانا لازمی ہے۔

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو تنبیہہ کی کہ انٹراپارٹی الیکشن نہ کروانے والی جماعتوں کوبھی انتخابی نشان الاٹ نہیں کیا جائے گا۔ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے سیاسی جماعتوں کے لیے اپنے سالانہ گوشوارے جمع کروانا بھی لازم قرار دیا گیا ہے، سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ 15مئی تک سیاسی جماعتیں مطلوبہ تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کروائیں۔

آئندہ عام انتخابات میں سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشان کےلئےنئی درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی نےمسائل کے حل کے لیے فارمرپارلیمنٹرینز فورم کی منظوری دے دی ہے جس کا کنوینر سابق ایم این اے زمردخان کو مقرر کیا گیا ہے۔اس ضمن میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیاگیا ہے۔یاد رہے کہ قومی اسمبلی کی مدت رواں سال 31 مئی کو ختم ہورہی ہے جس کے بعد ملک میں نگران سیٹ اپ آئے گا۔ نگران سیٹ پر لازم ہے کہ وہ آئندہ 60 روز میں انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔