شاداب خان انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اہم ہتھیار ثابت ہوں گے، ریجنل کوچ صبیح اظہر

جمعہ 11 مئی 2018 17:39

شاداب خان انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اہم ہتھیار ثابت ہوں گے، ریجنل ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ صبیح اظہر نے کہا ہے کہ شاداب خان انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اہم ہتھیار ثابت ہوں گے، یہ سیریز نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہت اہم ہے، توقع ہے کہ وہ مصباح الحق اور یونس خان کی کمی محسوس نہیں ہونے دیں گے۔ گزشتہ روز اے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ریجنل کوچ صبیح اظہر نے کہا کہ انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز ٹف ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ آغاز میں انگلش کنڈیشنز میں کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر آئر لینڈ سے واحد ٹیسٹ اور پریکٹس میچز کی وجہ سے کھلاڑیوں کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملا ہے، انہوں نے کہا کہ اگرچہ سیریز ٹف ہوگی مگر قومی ٹیم متوازن ہے اور انگلینڈ کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاداب خان نے ٹور میچ میں دس وکٹیں لے کر انگلینڈ کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، ٹیم میں واحد سپنر ہونے کی وجہ سے ان کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کے پاس اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا بہترین موقع ہے، امید ہے کہ وہ مصباح الحق اور یونس خان کی کمی محسوس نہیں ہونے دیں گے۔ پنڈی سٹیڈیم میں جاری راولپنڈی ماسٹرز لیگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحتیں منوانے کا موقع ملے گا، ٹی 20 کرکٹ کی زیادتی کی وجہ سے ون ڈے کرکٹ نظر انداز ہورہی تھی اسی چیز کو مد نظر رکھتے ہوئے ون ڈے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔

صبیح اظہر نے مزید کہا کہ اس ٹونامنٹ کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ راولپنڈی ماسٹرز لیگ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہے جس میں پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ان ٹیموں میں راولپنڈی ریمز، گوجر خان پینتھر، چکوال پیکاک، اٹک سٹالینز اور جہلم ہاکس شامل ہے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 15 مئی کو کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :