وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ کی اسلام آباد میں عطائی ڈاکٹروں کے خاتمہ سمیت صحت عامہ کے حوالے سے بلوں کی منظوری پر اپنی ٹیم کو مبارکباد

جمعہ 11 مئی 2018 17:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے اسلام آباد میں عطائی ڈاکٹروں کے خاتمہ سمیت صحت عامہ کے حوالے سی سینیٹ میں دواہم بلوں کی منظوری پراپنی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بل کی منظوری وزارت قومی صحت کی ٹیم کی کوششوں کا نتیجہ ہے جس سے صحت عامہ کے شعبے کو ترقی ملے گی۔

وزارت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پہلا بل اسلام آباد ریگولیٹری اتھارٹی کا ہے جس کا مقصد اسلام آباد میں صحت کی سہولیات کی بہتری اور ان کے معیار کو یقینی بنانا ہے جس کے لیے اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ اس اقدام سے اسلام آباد میں عطائی ڈاکٹروں کا خاتمہ ہو گا۔ مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم ہوں گی اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے تمام اداروں میں باقاعدہ مانیٹرنگ کا نظام ہو گا۔

(جاری ہے)

سینٹ نے پاکستان میں صحت عامہ کی تدریس کے اہم ادارے ہیلتھ سروسز اکیڈمی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کی منظوری بھی دی۔ ہیلتھ سروسز اکیڈمی اس وقت پی ایچ ڈی اور MSPH کی ڈگریاں جاری کر رہا ہے۔ یونیورسٹی کا درجہ دینے سے پاکستان میں پبلک ہیلتھ کے شعبے میں ماہرین تیار کئے جا سکیں گے جو ملک کی اہم ضرورت ہے۔ دونوں بلوں کی منظور ی پر وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے اپنی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ وزارت قومی صحت کی ٹیم کی کاوش ہے جس سے صحت عامہ کے شعبے کو ترقی ملے گی۔ دریں اثناء ترجمان وزارت قومی صحت نے کہا ہے کہ سائرہ افضل تارڑ کی قیادت میں ان پانچ سالوں میں صحت کے شعبے میں جتنی اصلاحات اور ترقی ہوئی ہے اس کی پچھلے ستر سالوں میں کوئی مثال نہیں ملتی۔