تین پہیوں والی موٹرسائیکل ٹیکسی سروس میں شامل

کریم ٹیکسی سروس نے تین پہیوں والی موٹرسائیکل اپنی سروسز میں متعارف کرا دی

Sadia Abbas سعدیہ عباس جمعہ 11 مئی 2018 17:24

تین پہیوں والی موٹرسائیکل ٹیکسی سروس میں شامل
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2018ء) دبئی میں ٹیکسی سروس مہیاکرنے والی موبائل ایپلیکیشن کریم نے دبئی کی ٹیکسی سروس کمپنی کے تعاون سے اپنی سروسز میں تین پہیوں والی موٹرسائیکل بھی متعارف کرا دی ۔ مزید تفصیلات کے مطابق بمبارڈیئر تفریحی مصنوعات کی طرف سے بنائی گئی ٹیکسی بائیک کا افتتاح پہلی دفعہ گزشتہ مہینے ہونے والی کانفرنس میں کیا گیا تھا ۔

وٹس آن کے مطابق کریم کی جانب یہ سروس فی الحال دبئی مرینہ اور جمیرہ میں متعارف کرائی ہے اور اسکے لیے بھی مخصوص اوقات متعارف کرائے گئے ہیں ۔ مقامی ذرائع کے مطابق وٹس آن کا کہنا ہے کہ ٹیکسی بائیک دبئی جمیرہ اور مرینہ میں صبح سات بجے سے لے کر رات 10 بجے تک متعارف کرائی گئی ہے ۔ دبئی ٹیکسی سروس نے رواں ہفتے ٹویٹ کیا ہے کہ اگر کوئی بھی شہری اس سروس سے مستفید ہونا چاہتا ہے تو وہ کریم کی موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے اس ٹیکسی بائیک کی بکنگ کرا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

اس ٹیکسی بائیک میں سوار ہونے والے مسافروں کو ہیلمٹ فراہم کیا جائے گا اور وہ ڈرائیور کی پچھلی سیٹ پر بیٹھیں گے ۔ کریم ٹیکسی سروس نے اس ٹیکسی بائیک سے مستفید ہونے کے لیے پہلے 10 منٹ کے لیے 10 درہم قیمت مقرر کی ہے اور دس منٹ سے زیادہ دیر کے لیے سواری کا استعمال کرنے پر ہرایک منٹ پر ایک درہم قیت مقرر کی ہے ۔ کریم ٹیکسی سروس نے اپنی مسابقتی کمپنی اوبر پر برتری لے جانے کے لیے گزشتہ ماہ دبئی میں کرایوں میں کمی کا اعلامیہ جاری کیا تھا ۔ لہذا دبئی میں کریم ٹیکسی سروس سے مستفید ہونے والوں کو اوبر ٹیکسی سروس سے مستفید ہونے والوں کی نسبت کم قیمت ادا کرنا پڑے گی ۔