چوہدری نثار نے حلقہ انتخاب این اے 59میں بھرپور انتخابی مہم کا آغاز کر دیا

این اے 63سے الیکشن لڑنے بارے متعلقہ یونین کونسلوں کے چیئرمینوں ، وائس چیئرمینوں ، علاقے کے معززین اور مزدور تنظیموں پر مشتمل مشاورتی اجلاس (کل ) ہوگا

جمعہ 11 مئی 2018 17:57

چوہدری نثار نے حلقہ انتخاب این اے 59میں بھرپور انتخابی مہم کا آغاز کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2018ء) چوہدری نثار علی خان نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 59میں بھرپور انتخابی مہم کا آغاز کر دیا جبکہ این اے 63سے الیکشن لڑنے کے حوالے سے متعلقہ یونین کونسلوں کے چیئرمینوں ، وائس چیئرمینوں ، علاقے کے معززین اور مزدور تنظیموں پر مشتمل مشاورتی اجلاس (کل ) ہفتہ کو ہوگا ۔ مسلم لیگ (ن)کے رہنما چوہدری نثار علی خان کے حلقہ انتخاب این اے 59میں ان کی بھرپور انتخابی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے اوریونین کونسلوں میں الیکشن اور انتخابی مہم کی کمیٹیاں تشکیل دے کر کمیٹیوں کے ارکان نے رابطہ عوام مہم شروع کردی ہے ،حلقے کے عوام نے انتخابی مہم کیلئے آنے والی ٹیموں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان ایک بااصول سیاسی رہنما ہیں اور این اے 59میں انہوں نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں اور ان کی کامیابی کیلئے حلقے کے عوام انتخابی مہم کے دوران بھرپور تعاون کریں گے ۔

(جاری ہے)

حلقے کے عوام نے انتخابی مہم کیلئے چوہدری نثار کی طرف سے نامزد کئے گئے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان نہ صرف ملک کے اصول پسند اور ایماندار سیاستدان ہیں اور انہوں نے ہمیشہ حق اور سچ کی بات کی ہے ، ہم ان کو 2018کے الیکشن میں کامیاب کرانے کیلئے بھرپور ساتھ دیں گے ۔انتخابی مہم چلانے والی ٹیموں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے حلقے کے عوام کا مزید کہنا تھا کہ این اے 59میں چوہدری نثار علی خان نے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کرائے ہیں جن کی تکمیل سے نہ صرف عوام کو آمد ورفت میں سہولتیں حاصل ہوئی ہیں ، کسانوں اور مزدروں کو آمد ورفت میں آسانی ہوئی ہے ۔

دوسری جانب چوہدری نثار علی خان نے حلقہ این اے 63 میں یونین کونسلوں کے چیئرمینوں ، وائس چیئرمینوں ، علاقے کے معززین اور مزدور تنظیموں کے عہدیداروں کا ایک اہم اجلاس ہفتہ 12مئی کو ٹیکسلا میں بلایا ہے جس میں وہ این اے 63سے الیکشن لڑنے کے بارے میں مشاورت کریں گے ، الیکشن کمیشن کی جانب سے کی گئی نئی حلقہ بندیوں کے بعد چوہدری نثار علی خان کے آبائی علاقے کی یونین کونسلوں کو اس حلقے سے الگ کردیا گیا ہے ۔

سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے این اے 63میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں اور واہ کینٹ میں جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال بھی تعمیر کرایا گیا ہے ۔یہ ہسپتال 500بستروں پر مشتمل ہے اور اس کی تعمیر پر ایک ارب 80کروڑ روپے کی لاگت آئی تھی اور اس ہسپتال کا گزشتہ ماہ باضابطہ چوہدری نثار افتتاح کر چکے ہیں اور این اے 63کے عوام نے ہسپتال کی تعمیر مکمل ہونے پر چوہدری نثار علی خان کا شکریہ ادا کیا تھا اور یہ رائے دی تھی کہ یہ ہسپتال ٹیکسلا اور واہ کینٹ کے عوام کیلئے سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کی طرف سے ایک تحفہ ہے ۔

ہفتہ کے روز ٹیکسلا میں چوہدری نثار علی خان بلدیاتی نمائندوں اور مزدور تنظیموں کے رہنماں سے این اے 63سے الیکشن لڑنے کے بارے میں مشاورت کریں گے ۔ وزیرداخلہ کے طور پر واہ فیکٹری کے ملازمین کی مراعات میں اضافے کیلئے حکومت سے خصوصی پیکج منظور کروا کے دیا تھا اور واہ کینٹ میں ہی مزدور تنظیموں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر کے پیکج کی منظوری کا اعلان کیا تھا۔