جہلم ویلی‘ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ راجہ عمران شاہین نے ضلع بھر میں مچھلی کے شکار پر پابندی لگا دی

جمعہ 11 مئی 2018 18:08

جہلم ویلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ راجہ عمران شاہین نے ضلع بھر میں مچھلی کے شکار پر پابندی لگا دی گزشتہ روز جاری ہونے والے سرکاری پریس نوٹ میں کہا گیا کہ ’’راقم کے مشاہدہ میں آیا ہے کہ ضلع جہلم ویلی کی حدود میں دریائے جہلم و دیگر نالہ جات باالخصوص نالہ قاضی ناگ میں لوگ غیر قانونی طور پر مچھلی کا شکار کر رہے ہیں۔

آب حیات کا تحفظ کرنا اور غیر قانونی شکار کا تدارک کیا جانا ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

لہذا میں عمران شاہین ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ضلع جہلم ویلی ان ان اختیارات کی روسے جو مجھے زیر دفعہ 144ض ف حاصل ہیں کو بروئے کار لاتے ہوئے ضلع ہذا میں دریا جہلم اور دیگر نالہ جات باالخصوص نالہ قاضی ناگ میں مچھلی کے شکار پر پابندی عائد کرتا ہوں ۔ آئندہ کوئی بھی شخص نہ تو مچھلی کا شکار کرے گا اورنہ ایسا کرنے کی ترغیب دے گا۔ حکم ہذا کی خلاف ورزی کے مرتکب شخص/اشخاص کے خلاف زیر دفعہ 188آزاد پینل کوڈ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ حکم ہذا کی تشہیر بذریعہ متعلقہ پولیس کروائی جائے گی اور سرکاری جریدہ میں بھی اس کی اشاعت ہوگی ۔ حلم ہذا تاحکم ثانی نافذالعمل رہے گا‘‘

متعلقہ عنوان :