مسلم لیگ (ن)کا چیئرمین نیب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے ٹکٹ جاری کرنے کیلئے پارلیمانی بورڈ قائم کرنے کی منظوری دیدی احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں قابل قبول نہیں، نیب متعصب اور جانبدار ادارہ ثابت ہو چکا ہے،چیئرمین نیب نے معافی نہ مانگی تو قانونی آپشن موجود ہیں (ن) لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں پارٹی قائد نواز شریف کی گفتگو

جمعہ 11 مئی 2018 18:12

مسلم لیگ (ن)کا چیئرمین نیب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) نے چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا ،پارٹی قائد نواز شریف نے ایک بار پھر چیئرمین نیب کی وضاحت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں قابل قبول نہیں، نیب متعصب اور جانبدار ادارہ ثابت ہو چکا ہے،چیئرمین نیب نے معافی نہ مانگی تو قانونی آپشن موجود ہیں۔

جمعہ کو پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں نواز شریف کی زیرصدارت پنجاب ہا ئو س میں پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی صدر شہباز شریف وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سمیت مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیئرمین نیب کی جانب سے نواز شریف سے متعلق منی لانڈرنگ کے الزام کی شدید مذمت کی گئی اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران نواز شریف نے چیئرمین نیب کی وضاحت کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں قابل قبول نہیں، نیب متعصب اور جانبدار ادارہ ثابت ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب نے معافی نہ مانگی تو قانونی آپشن موجود ہیں۔(ن)لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ نے پارلیمانی بورڈ ، الیکشن سیل اور منشور کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے جب کہ اس موقع پر مسلم لیگ (ن)نے ٹکٹ جاری کرنے کے لئے پارلیمانی بورڈ قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی۔