بھارت نواز سیاست دانوں کی طرف سے کل جماعتی اجلاس کا انعقاد محض ایک ڈرامہ بازی ہے‘

انسانیت سے عاری بھارت نواز رہنمائوں کو کشمیریوں کے جینے مرنے سے کوئی غرض نہیں، سید علی گیلانی

جمعہ 11 مئی 2018 18:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارت نواز سیاست دانوں کی طرف سے کل جماعتی اجلاس کے انعقاد کو محض ایک ڈرامہ بازی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ درحقیقت یہی لوگ جموںوکشمیر پر غیر قانونی فوجی قبضے کے اصل ذمہ دار اور کشمیریوں کے لیے مصائب و مشکلات کا باعث ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ تاریخ کشمیر کا مطالعہ کریں تو یہاں کے اِن ابن الوقت سیاست دانوں کے سیاہ کارناموں کی خوفناک داستانیں پڑھنے کو ملیں گی جبکہ کشمیریوں کی غلامی کی سیاہ رات ا آغاز بھی ان ہی لوگوںکی وجہ سے ہوا۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ یہ ابن الوقت لوگ اقتدار میں رہ کر یہ اپنے آقاؤں کے احکام بجا لانے میں ہر اخلاقی، انسانی اور جمہوری اقدار کو پاؤں تلے روند ڈالتے ہیں لیکن جب اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو عوام کا غمخوار بننے کا ڈھونگ رچاتے ہیں۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیر کے گلی کوچوں میں جو بھی خون بہہ رہا ہے اورجو تباہی اور بربادی ہورہی ہے اٴْس کی ذمہ داری ان ہی بھارت نواز لوگوں پر عائد ہوتی ہے۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ ان بھارت نواز رہنمائوں نے ہی 2008ء‘ 2010ء اور 2016ء کی احتجاجی تحریکوں کے دوران سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ ان انسانیت سے عاری لوگوں کو کشمیریوں کے جینے مرنے سے کوئی غرض نہیںاور ان کا واحد مقصد اقتدار کا حصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نواز یہ سیاست دان اپنا ضمیر اور اپنی غیرت اقتدار اور دنیاوی جاہ وحشمت کے عوض گروی رکھ کرکرپوری قوم کے لیے وبال جان بن چٴْکے ہیں لہذا کشمیری جتنی جلد ان سے چھٹکارا حاصل کریں اتنا جلد ان کی مشکلات ختم ہونگی۔

دریں اثنا تحریک حریت جموں کشمیر نے تنظیم کے رہنما محمد رفیق اویسی کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمنت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کی طرف سے گاندر بل کیمپ میں سخت ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تحریک حریت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ محمد رفیق اویسی ایک سیا سی رہنما ہیں اور انکا غیر قانونی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں لہذا ان کی مسلسل نظر بندی اور ان پر تشدد بلا جواز ہے۔بیان میں کولگام کے علاقے ننی بگ کے رہائشی منیب احمد بٹ کی گزشتہ 9ماہ سے مٹن جیل جبکہ غلام رسول کی ایک ہفتے سے تھانہ صفا کدل میں نظر بندی کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔