سینئر وزیر و وزیر فزیکل پلاننگ چوہدری طارق فاروق نے آزاد کشمیر کی5اضلاع میں پریس کلبوں کی عمارات کی تعمیر کا منصوبہ محکمہ پی پی ایچ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے

جمعہ 11 مئی 2018 18:24

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2018ء) سینئر وزیر و وزیر فزیکل پلاننگ و ہاوسنگ چوہدری طارق فاروق نے آزاد کشمیر کی5اضلاع میں پریس کلبوں کی عمارات کی تعمیر کے منصوبے محکمہ پی پی ایچ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ، وائس چیئرمین پریس فائونڈیشن سردار ذوالفقار علی کی تحریری تحریک پر سینئر وزیر آزاد حکومت نے سیکرٹری پی پی ایچ کو احکامات جاری کئے ہیں کہ پانچ اضلاع ہٹیاں ، نیلم ، پلندری ، باغ راولاکوٹ اور حویلی میں پریس کلبز کی شایان شان عمارات کے منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لیے ضروری کاروائی مکمل کی جائے ۔

ہٹیاں ، نیلم اور پلندری میں پریس کلبوں کی عمارات کے لئے پلاٹ موجود ہیں جبکہ باغ ، راولاکوٹ اور حویلی میں محکمہ پی پی ایچ کی ملکیتی اراضی میں سے پریس کلب کے لئے مناسب جگہ کا انتخاب کر کے سکیم مرتب کی جائے اس سلسلہ میں جلد از جلد سی ڈی او سے یکسو کروایا جائے ، سینئر وزیر نے وائس چیئرمین پریس فائونڈیشن کو یقین دلایا کہ آزاد کشمیر حکومت صحافیوں کے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے سلسلہ میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا چاہتی ہے اسی مقصد کے تحت رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں ضلع بھمبر اور دارالحکومت مظفرآباد میں سنٹرل پریس کلب کی عمارت کے لئے فنڈز مختص ہیں جن پر کام ضروری کاغذی کاروائی مکمل ہوتے ہی شروع کر دیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ یہ میڈیا کا دور ہے مثبت صحافت کے ذریعہ جہاں تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جارہا ہے وہا ں خطہ کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے بھی صحافت کا کردار مسلمہ ہے تنقیدی اور تعمیری صحافت کا ہمیشہ سے خیرمقدم کیا ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا ، چوہدری طارق فاروق نے مذید کہا کہ آزاد کشمیر حکومت تمام اضلاع میں دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ خوبصورت اور شایان شان ایوان ہائے صحافت کی عمارات تعمیر کرنے کی کوشش کرے گی ، آزاد کشمیر حکومت اس حوالہ سے اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے اور صحافیوں سے بھی ذمہ دارانہ کردار کی توقع ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر سینئر وزیر نے کہا کہ جن اضلاع میں محکمہ پی پی ایچ کے پاس اراضی موجود ہے وہاں پریس کلبوں کی عمارات ترجیحاً تعمیر کی جائیں گی اور جہاں جہاں اراضی کے حصول کے حوالے سے مسائل ہیں وہاں کوشش کریں گے کہ اراضی مہیا کرنے کے لئے حائل رکائوٹیں دور کی جائیں آزاد کشمیر میں صحافیوں کو پریس فائونڈیشن کے ذریعے جملہ ضروریات اور سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے پریس فائونڈیشن ہر لحاظ سے فعال اور شفاف ادارہ ہے اداروں کے استحکام کے لئے حکومت تمام مسائل مہیا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :