وزیرمواصلات چوہدری عزیز کا رکن اسمبلی چوہدری شہزاد کے ہمراہ سیری درہ میں جیپ حادثہ کے مقام کا معائنہ

ٹریفک حادثہ میں شہیدہونے والوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی

جمعہ 11 مئی 2018 18:24

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2018ء) آزاد کشمیر حکومت کے وزیرمواصلات چوہدری محمد عزیز سیری درہ کے دور افتادہ علاقہ میں پہنچ گئے ، ممبر اسمبلی چوہدری شہزاد کے ہمراہ سیری درہ میں جیپ حادثہ کے مقام کا معائنہ ، ٹریفک حادثہ میں شہیدہونے والوں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی، لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی ، سیری درہ روڈ کی تعمیر کا کام جنگی بنیادوں پر مکمل کرنے کے احکامات ، محکمہ شاہرات کو ٹھیکیدار کے ساتھ مل کر سڑک پر کام چوبیس گھنٹے جاری رکھنے کی ہدایت ، تفصیلات کے مطابق وزیر مواصلات چوہدری محمد عزیز نے گزشتہ روز حلقہ لچھراٹ کے ممبر اسمبلی چوہدری شہزاد محمود کے ہمراہ حلقہ کے دور افتادہ ، دشوار گزار اور پسماندہ علاقہ سیری درہ کا دورہ کیا ، وزیرحکومت نے گزشتہ دنوں ہونے والے ٹریفک حادثہ کی جائے وقوع کا معائنہ کیا اور سیری درہ کی زیر تعمیر سڑک کا معائنہ کیا ، چوہدری محمد عزیز نے زیر تعمیر سڑک پر کام کی رفتار تیز کرنے اور کام کا معیار بہتر بنانے کے حوالے سے موقع پر ہدایات جاری کیں ، انہوں نے محکمہ شاہرات کو احکامات جاری کئے کہ سیری درہ روڈ کی کشادگی اور پختگی کا کام جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ٹھیکیدار کے ساتھ مل کر کام کا معیار اور رفتار بہتر بنایا جائے ، چوہدری محمد عزیز وزیر مواصلات نے اب تک ہونے والے کام کی رفتار اور معیار پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور عوام کی جانب سے ٹھیکیدار کے خلاف کی گئی شکایات پر محکمہ کو فوری کاروائی کے احکامات بھی جاری کئے ۔

(جاری ہے)

وزیر مواصلات چوہدری محمد عزیز نے جیپ حادثہ میں شہید ہونے والے افراد کے لئے ان کے گھروں میں جا کر فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدری کیا ، اس موقع پر عوام علاقہ کی بڑی تعداد اور محکمہ شاہرات کے ذمہ داران بھی موجود تھے ۔