چکلالہ کینٹ کی بیوٹیفکیشن مکمل،نالوں کی صفائی بھی رواں ماہ مکمل کرنے کا فیصلہ

جمعہ 11 مئی 2018 18:48

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) چکلالہ کینٹ کی بیوٹیفکیشن کاکام مکمل کر لیا گیا، نالوں کی صفائی کا کام بھی رواں ماہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ایڈیشنل ایگزیکٹو آفیسر چکلالہ نوید نواز نے اے پی پی کو بتایاکہ چکلالہ مون سون کے حوالے سے کینٹ کے تمام نالوں کی صفائی کاکام مئی میں شروع کر دیاجائے گا ۔نالوں کی صفائی ایکسکویٹر مشین کے ذریعے کرائی جائے گی جبکہ صفائی کا یہ مئی میں ہی پایہ تکیمل تک پہنچا دیا جائے گا ۔

نوید نواز نے اے پی پی کو بتایاکہ چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کی گھر گھر صفائی مہم نیو لالہ زار وارڈ 9اور10 میں جاری ہے جبکہ گھر گھر صفائی مہم کے لیے 12نئے رکشے خریدنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ چکلالہ کینٹ بورڈ کے منتخب عوامی نمائندوں سے نئے مالی سال کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بھی مانگ لی گئی ہیں تاکہ فنڈز کی دستیابی کے ساتھ ہی ان سکیموں کو نئے مالی سال میں مکمل کیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے سرکاری خبررساں ادارے کو بتایاکہ کینٹ کی خوبصورتی اور چوکوں ،چوراہوں کو جاذب نظر بنانے کے لیے چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ نے مارچ میں خصوصی ’’بیوٹیفکیشن پراجیکٹ ‘‘شروع کیا تھا ۔اس منصوبے کے تحت کروڑوں روپے مالیت کی جدید ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب ،سڑک کے درمیان اور اطراف میں خوبصورت پودے اور آرائشی گھاس لگانے ،مختلف چوکوں میں دیدہ زیب ماڈلزکی تنصیب کاکام کیا جانا تھا ۔

چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے ایڈیشنل ایگزیکٹو آفیسر نوید نواز نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ چکلالہ کینٹ کے رہائشیوں کو جاذب نظر ،سکون بخش ماحول کی فراہمی کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ۔انہوںنے نیوز ایجنسی کو بتایاکہ چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ نے ٹی ایم چوک سے سواں پل تک فینسی لائٹس لگانے اور کچہری چوک سے عمار چوک تک سڑک کے درمیان اور سائیڈوں پر خوبصورت پودے اور آرائشی گھاس لگانے کاکام تقریباً مکمل کر لیا ہے ۔

انہوںنے بتایاکہ چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ تقریباً دو کروڑ روپے کی لاگت سے جدید ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کا منصوبہ مکمل کیا گیا جبکہ نیولالہ زار میں ٹریفک روانی کے لیے ایک ٹریفک سگنل کی تنصیب بھی کی گئی ہے کیونکہ قبل ازیں اس مقام پر ٹریفک سگنل کی عدم موجودگی سے حادثات ہوتے تھے اور ٹریفک روانی میں بھی خلل پڑتا تھا تاھم اب ٹریفک سگنل کی تنصیب سے یہ مسائل حل کر لیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :