(ن) لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کا چیئرمین نیب کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ ،ْ پھر فوری استعفیٰ کا مطالبہ

جھوٹ کے ہر ذمہ دار کو پاکستانی قوانین میں موجود ہر قانون کے ذریعے قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے تمام اقدامات اختیار کئے جائینگے ،ْ شرکاء کا اتفاق نواز شریف کیخلاف ہر سازش اورہتھکنڈے کو ناکام بنانے کیلئے آئینی ، قانونی اور جمہوری جدوجہد کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک عظیم تر عوامی قوت کے ذریعے ہم دروغ گوئی کے تمام داغ دھو نہیں ڈالتے ،ْ اعلامیہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت ،ْاقوام متحدہ سے فوری اپنا نمائندہ مقبوضہ جموں و کشمیر بھیج کر صورتحال کا جائزہ لینے اور مظالم کی روک تھام کیلئے سکیورٹی کونسل کو رپورٹ پیش کر نے کا مطالبہ مئی سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے ممبران کے لیے درخواستیں وصول کی جائیں گی ،ْ قومی اسمبلی کیلئے 50ہزار اور صوبائی اسمبلی کیلئے 30ہزار روپے فیس مقرر

جمعہ 11 مئی 2018 18:48

(ن) لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کا چیئرمین نیب کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ چیئرمین نیب فوری اپنے الزامات کے ثبوت پیش کریں یا استعفیٰ دے کر گھر جائیں جبکہ اجلاس کے شرکاء نے اتفاق کیا ہے کہجھوٹ کے ہر ذمہ دار کو پاکستانی قوانین میں موجود ہر قانون کے ذریعے قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے تمام اقدامات اختیار کئے جائینگے ،ْ نواز شریف کیخلاف ہر سازش اورہتھکنڈے کو ناکام بنانے کیلئے آئینی ، قانونی اور جمہوری جدوجہد کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک عظیم تر عوامی قوت کے ذریعے ہم دروغ گوئی کے تمام داغ دھو نہیں ڈالتے۔

جمعہ کو پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس کی صدارت پارٹی کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کی، اجلاس میں پارٹی کے صدر شہباز شریف، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، وفاقی وزراء اور مجلس عاملہ کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر داخلہ احسن اقبال پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی گئی ۔

اجلاس میں پارلیمانی بورڈ کی تشکیل ،منشور کمیٹی،مرکزی الیکشن سیل،میڈیا کمیٹی، لیگل ایڈ کمیٹی اور مرکزی الیکشن سیل کے قیام کے متعلق امور زیر غور آئے۔اجلاس میں طے پایا کہ 15مئی سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے ممبران کے لیے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔قومی اسمبلی کے لیے 50ہزارجبکہ صوبائی اسمبلی کے لیے 30ہزار روپے فیس مقررکی گئی۔

درخواستیں 180ایچ ماڈل ٹاؤن میں وصول کی جائیں گے۔۔اجلاس کے بعد جاری اعلامیئے میں کہا گیا کہ اجلاس چیئرمین نیب کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور مکمل جھوٹ پر مبنی میڈیا رپورٹ پر حامل بیان کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔چیئرمین نیب نے اس حقیقت کو بھی ٹھکرا دیا کہ جس رپورٹ کو بنیاد بنایا گیا ہے اس کی تردید خود ورلڈ بینک اور سٹیٹ بینک کی جانب سے بھی جاری کر دی گئی ہے ۔

اور رپورٹ کے مطابق اس میں نہ منی لانڈرنگ کا کوئی ذکر ہے اور نہ کسی شخصیت کو اس میں ملوث قرار پایا گیا ہے ۔اجلاس میں متفقہ طور پر قرار پایا کہ اس جھوٹ کے ہر ذمہ دار کو نہ صرف بے نقاب کیا جائے گا بلکہ پاکستانی قوانین میں موجود ہر قانون کے ذریعے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام اقدامات اختیار کیے جائیں گے۔اجلاس کے شرکاء نے یہ بھی عہد کیا کہ ہم اپنے قائد محمد نواز شریف کے خلاف ہر سازش اورہتھکنڈے کو ناکام بنانے کے لیے آئینی ، قانونی اور جمہوری جدوجہد کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک عظیم تر عوامی قوت کے ذریعے ہم دروغ گوئی کے تمام داغ دھو نہیں ڈالتے۔

اجلاس نے پارٹی قائد کے اس مطالبے کی تائید کی کہ چیئرمین نیب فی الفور اپنے الزامات کے ثبوت پیش کریں یا استعفیٰ دے کر گھر جائیں۔پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتا ہے ۔اجلاس اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری اپنا نمائندہ مقبوضہ جموں و کشمیر بھیج کر صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ان مظالم کی روک تھام کے لیے سکیورٹی کونسل کو رپورٹ پیش کرے۔

اجلاس یہ بھی مطالبہ کرتا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں امن کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت آزادانہ رائے شماری کے ذریعے اس مسئلہ کے منصفانہ حل کے لیے فوری اقدام کیے جائیں۔اجلاس مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہے کہ پاکستان کے 21کروڑ عوام اس مشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔اجلاس گزشتہ 5فروری کو قائد پاکستان محمد نواز شریف کے مظفر آباد میں ولولہ انگیز خطاب کی من و عن تائید کرتا ہے ۔یہ اجلاس ہندوستانی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بسنے والے بے گناہ شہریوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی بھی شدید مذمت کرتا ہے ۔