شہر کراچی کی تعمیر و ترقی اور صفائی ستھرائی کیلئے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی ،ْ جان محمد بلوچ

جمعہ 11 مئی 2018 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ شہر کراچی کی تعمیر و ترقی ، بہتری اور صفائی ستھرائی کیلئے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی ، شہر کراچی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی میں وسائل کی کمی اور ذمہ داریوں کے عدم احساس سے بھی صورت حال عدم توازن کا شکار ہے، مربوط منصوبہ بندی اور جذبہ احساس ذمہ داری کو اجاگر کر کہ ہی بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر ملیرشہزاد عباسی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملیرشجاعت حسین کے ہمراہ شارع فیصل اور وائرلیس گیٹ سروس روڈ پر خصوصی صفائی مہم کے سلسلے میں جاری اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر میونسپل کمشنر عمران اسلم ، ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ واثق ظفراور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بلدیہ ملیر میں صفائی ستھرائی ، تجاوزات اور دیگر امور کو بہتر سے بہترین بنانے کیلئے ٹاسک فورس کی تشکیل بھی عمل میں لائی جاچکی ہے، 5 رکنی ٹاسک فورس ڈائریکٹرسولڈ ویسٹ کی سربراہی میں بلدیہ کی 13 یونین کمیٹیوں کا دورہ کر کے صفائی ستھرائی ، تجاوزات اوردیگر امورکی صورت حال کا جائزہ لے گی اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ انتظامیہ کو فراہم کرے گی،چیئرمین بلدیہ ملیر اور ڈپٹی کمشنر ملیر نے ڈائریکٹر سالیڈ ویسٹ واثق ظفر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملیر کی حدود میں کچرا ، ملبہ اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ، خصوصی صفائی مہم کے امور کی بھرپور نگرانی کی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جمع کروائی جائے۔