پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی ،لانچ اور ٹرک قبضے میں لیکر لاکھوں روپے مالیت کی شراب برآمد کرلی

جمعہ مئی 18:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2018ء) پاکستان کوسٹ گارڈز نے پسنی کے قریب کلمت کے ساحل سمندر پر ایک لانچ اور ٹرک کو قبضہ میں لے کر لاکھوں روپے مالیت کی شراب برآمد کرلی ہے ۔خدشہ ہے کہ شراب کی کھیپ اندرون ملک اسمگل ہونا تھی ۔ترجمان کوسٹ گارڈ کے مطابق خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ پسنی بلوچستان کے سے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر سکندر رانجھا نے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کیے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے کوسٹ گارڈز کے علاقہ کمانڈر نے جوانوں کے ہمراہ موبائل گشت پارٹیاں ترتیب دیں جس نے زمینی اور ساحلی علاقوں کے مشکوک مقامات کی نگرانی شروع کردی ۔گزشتہ رات موبائل گشت کے دوران پسنی کے قریب کلمت کے ساحل سمندر پر ایک لانچ اور ٹرک کو قبضہ میں لے کر لاکھوں روپے کی شراب برآمد کرلی ہے ۔خدشہ ہے کہ یہ شراب کی کھیپ اندرون ملک اسمگل ہونا تھی ۔پکڑی جانے والی شراب کی عالمی ماکیٹ میں مالیت لاکھوں روپے کے لگ بھگ ہے ۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے جوانوں کی اس اعلیٰ کارکردگی کو سراہا ہے ۔