بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے مخالفین بے بنیاد ٖپروپیگنڈہ کر رہے ہیں، سردار سربلند جوگیزئی

جمعہ 11 مئی 2018 18:51

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے مخالفین حواس باختہ ہوکر پیپلزپارٹی کے خلاف بے بنیاد ٖپروپیگنڈہ کر رہے ہیں جسکا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں بلوچستان سمیت ملک بھر سے کامیابی حاصل کریگی۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو پیپلز پارٹی بلوچستان کے میڈیا سیل میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر میڈیا سیل کے انچارج حیات خان اچکزئی ، ندیم آفریدی ،عبدالباری موسیٰ خیل اوردیگر بھی موجود تھے۔ سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی جب بھی برسراقتدار آئی ہے تو عوام کو انکے بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے پیپلز پارٹی نے ملک کو 1973ء کا متفقہ آئین دیا ، صوبوں کو صوبائی خودمختاری ،این ایف سی ایوارڈ اور خیبر پختونخوا کو صوبے کا نام دیا یہی وجہ ہے کہ آج پیپلز پارٹی عوام کے دلوں پر راج کر رہی ہے اورعوام کی روز بروز پارٹی میں شمولیت سے پیپلز پارٹی بلوچستان میں ایک بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے اورانشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی بھر پور کامیابی حاصل کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پیپلزپارٹی کے کامیاب جلسہ عام سے مخالفین حواس باختہ ہوکر بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن بلال بھٹو زرداری کے پیغام کو گھر گھر پہنچائے اور عام انتخابات کی بھر پور تیاریاں کریں ۔