پشاوردھماکہ،شہداء کی میتیں آبائی گائوں پہنچا دی گئیں، علاقے میں کہرام مچ گیا

جمعہ 11 مئی 2018 18:53

ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) پشاور مقامی ہوٹل دھماکہ کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق ضلع ہنگو کے ایک ہی خاندان سے ہے ۔5جاں بحق افراد کی میتیں آبائی گائوں ٹل زندر خیل پہنچتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز صبح کے وقت پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ضلع ہنگو کے تحصیل ٹل نیبر ہڈ کونسل زندر خیل سے ہیں ۔

دھماکے میں اہلیہ گل بت خان ، اہلیہ کامران اور ان کا بیٹا ، نوجوان مہران سمیت 5قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں جبکہ دھماکے میں جھلس جانے والے کامران اور عامر دونوں آپس میں سگے بھائی ہے۔ خاندانی زرائع کے مطابق عامرقطر جانے کے لئے ٹکٹ کے سلسلے میں پشاور گیا ہوا تھا اور بھائی کامران اپنے گھر والوںکو علاج معالجہ کے سلسلے میں پشاور لے گئے تھے تا ہم وہاں ان کے ساتھ دلخراش حادثہ پیش آیا ۔

(جاری ہے)

دھماکے میں زخمیوں کو برن ہسپتال واہ کینٹ منتقل کیا گیا ہے جہاں پر وہ زیر علاج ہے۔ دھماکے میںجاں بحق افراد کی میتیں ضلع ہنگو کے تحصیل ٹل آبائی گائوں زندرخیل پہنچا تے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ پورے علاقے میں اچانک رنج و غم کی فضائیں پھیل گئی۔ جاں بحق ہونے والوں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کے لئے مختلف دور داراز علاقوں سے لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ جمعہ کے شام 6بجے آبائی قبرستان زندر خیل ٹل میں ادا کی جائے گی۔