ڈی پی او کوہاٹ کی بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کے حامل پولیس افسران اور ایڈمنسٹیریل سٹاف کو انعامات

جمعہ 11 مئی 2018 19:22

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ عباس مجید خان مروت نے بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کے حامل پولیس افسران اور ایڈمنسٹیریل سٹاف کو انعامات سے نوازا ہے۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کے دوران ضلعی پولیس سربراہ نے فرائض منصبی میں بہترین پیشہ ورانہ کردار کے حامل 17پولیس افسران اور ایڈمنسٹیریل عملے کے اہلکاروں میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کئے۔

بہترین خدمات کے اعتراف میں انعام پانیوالے ایڈمنسٹیریل سٹاف اور پولیس افسران و اہلکاروں میں آفس سپرنٹنڈنٹ انیس الحسن،پرسنل اسسٹنٹ ٹو ڈی پی او محمد شعیب،پی ایس او ٹو ڈی پی او سب انسپکٹر نعمت اللہ،پے آفیسر حامد شنواری،لائن آفیسر سریر الدین،پی آر او ٹو ڈی پی او فضل نعیم،ریڈر ڈی پی اوعبداللہ ،او ایچ سی خان افسر،ٹیلیفون آپریٹرشاہدین، کمپیوٹر آپریٹر اعجاز خان،ایل ایچ سی شہزاد خان،کانسٹیبل وحید اللہ،ایل ایچ سی بدر منیر،کانسٹیبل اسماعیل،شہزاد میر،کاشف خان،شکور خان اور خاکروب جان سن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے انعام یافتگان سے مخاطب ہوکر کہا کہ وہ عوامی خدمت کو شعار بنا کر اپنی پیشہ ورانہ کارکردگی میں مزید نکھار پیدا کریں ۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس میں جزا و سزا کا عمل تسلسل سے جاری رہے گا اور تمام تر درپیش چیلنجز کے باوجودفرائض منصبی کو عبادت سمجھ کرشہریوں کی جان ومال کے تحفظ ،امن وامان کے قیام اور انسداد جرائم کی خاطر تندہی سے خدمات انجام دینے والے پولیس افسران و اہلکاروں کی ہر موقع پر بھر پورحوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ غفلت اور بدعنوانی کے مرتکب عناصر کیلئے پولیس فورس میں کوئی جگہ نہیںاور ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کیلئے کسی بھی عملی کاروائی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :