اوور سیز پاکستان سیٹیزن سالیڈیرٹی اور شنگھائی کے مابین مفاہمی یاداشت پر دستخط

جمعہ 11 مئی 2018 19:24

لاہور۔11 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) اوور سیز پاکستان سیٹیزن سالیڈیرٹی اور شنگھائی ،Feiyun کلچر ڈویلپمنٹ کو ،لمیٹڈ کے درمیان سی پیک پر سیاحت ، ایجوکیشن اور ثقافت کے فروغ کیلئے ایم او یو سائن ہو گیا ہے، دو سالہ معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ایجوکیشن ،ثقافت اور سیاحت کے فروغ کے لیے وفود کا باہمی تبادلہ کیا جائے گا۔

گزشتہ روز اوور سیز پاکستان سیٹیزن سالیڈیرٹی اور شنگھائی Feiyun کلچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے مابین مفاہمی یاداشت پر دستخط کی شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اوور سیز پاکستان سیٹیزن سالیڈرٹی کے چیئرمین عظیم قصوری ، سینئر وائس چیئرمین عادل رضا، سینئر ایگزیکٹو ممبرپروفیسر ارشد مسیح،سعید اللہ یوسفزائی اورمسٹر Peter Xie ،اور مسٹر لی (Lee)کے علاوہ چائنیز اور پاکستانیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

دونوں فریقین کی جانب سے اوور سیز پاکستان سیٹیزن کے چیئرمین عظیم قصوری اور شنگھائی Feiyun کلچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر پیٹر (Peter Xie ) کے مابین دو سالہ معاہدے پر دستخط کئے ۔ معاہدے کے مطابق لاہور میں اوور سیزپاکستان سیٹیزن سالیڈیرٹی جو کہ دنیا بھر کے تارکین وطن کا نمائندہ ادارہ ہے ،وہ پاکستان سے ایجوکیشن ، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں سے وابستہ افراد کو چائنیز کمپنی کے ذریعے ویزوں کے حصول میں معاونت کرے گا۔

تقریب کے دوران چیئرمین اوپی سی ایس عظیم قصوری نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے اس قدر خوبصورت ہیں کہ انہیں چھوٹا سوئٹزرلینڈ کہا جاتا ہے،پاکستان ایک پر امن اور محفوظ ملک ہے لہذا غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان میں حکومتی سطح پر بھی ہر طرح کا تحفظ ملے گا۔ انہوں نے چائنیز کمپنی کے منتظمین سے کہا کہ وہ چائنیز سیاحوں اور سٹوڈنٹس کو پاکستان لائیں اوور سیز پاکستان سیٹیزن سالیڈیرٹی کے پلیٹ فارم سے انکی ہر طرح سے معاونت کی جائے گی۔