ڈاکٹر مہاتیر محمد کا ملائیشیا کا وزیراعظم منتخب ہونا پاکستان کو فائدہ پہنچائے گا

جمعہ 11 مئی 2018 19:24

ڈاکٹر مہاتیر محمد کا ملائیشیا کا وزیراعظم منتخب ہونا پاکستان کو فائدہ ..
لاہور۔11 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) لاہور چیمبر نے ڈاکٹر مہاتیر محمد کا ملائشیا کا ساتواں وزیراعظم منتخب ہونا پاکستانی معیشت کے لیے بھی اچھی خبر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بطور پہلی مرتبہ وزیراعظم انہوں نے ملائشیا کو معاشی ترقی کی نئی بلندیوں پر پہنچایا، ان کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ملائشیا میں معاشی انقلاب کا نیا دور شروع ہوگا جس سے پاکستان کے برآمدی شعبے کے لیے بڑے مواقع پیدا ہونگے، ان سے بھرپور فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدرخواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد نے پہلی مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد بے مثال معاشی پالیسیاں تشکیل دیں اور ملائشیا کو معاشی قوت بنایا، ان کا نیا دور تجارت و سرمایہ کاری کے بے شمار مواقعوں کا پیش خیمہ ہے جن سے فائدہ اٹھاکر پاکستان ملائشیا کو برآمدات بڑھاسکتاہے، فی الوقت ملائشیا کی 163ارب ڈالر سے زائد کی درآمدات میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہے ، تجارت کا حجم بھی ہمیشہ ملائشیا کے حق میں رہا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ دونوں ممالک نے جنوری 2008ء میں آزادانہ تجارت کے معاہدے پر دستخط کیے تھے مگر اس سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا، دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان مشترکہ منصوبہ سازی اس سلسلے میں بہت مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ملائشیا کو برآمدات بڑھانے کے لیے حکومت اور نجی شعبہ دونوں ہی کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان کے تعمیرات، لائیوسٹاک اینڈ ڈیری، انرجی، ایجوکیشن، آئی ٹی اور حلال سیکٹر میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش ہے جس سے ملائشیا کے تاجروں کو فائدہ ہو سکتا ہے۔ پاکستان کی ملائیشیا کو برآمدات میں چاول، میدہ، کاٹن یارن، گندم، بیڈ لینن پیاز، ادرک اور وون کاٹن وغیرہ جبکہ ملائیشیا سے درآمدات میں پام آئل، پٹرولیم آئل، سنتھیٹک یارن، فائبر بورڈ، ڈیٹا پراسیسنگ مشینیں اور ربر وغیرہ شامل ہیں، تجارت کے لیے نئی اشیاء بھی متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔